لکھنؤ(نامہ نگار)جھانسی پی سی ایف میں آر ایف سی کے عہدہ پر تعینات افسر سے سکریٹریٹ کے محکمہ انصاف میں جائزہ افسر نے ڈرادھمکا کر دو لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا۔متاثرہ افسر نے اس معاملہ میں حضرت گنج پولیس سے شکایت کی تو پولیس بھی حرکت میں آگئی اور ملزم جائزہ افسر کو اس کے ایک ساتھی کے ساتھ گرفتار کر لیا۔ جائزہ افسر کا ساتھی دھوپ اگربتی فروخت کرنے کا کام کرتا ہے اور خود کوجوائنٹ سکریٹری بتاتا تھا۔
سی او حضرت گنج راجیش شریواستو نے بتایا کہ بنارس کے لنکا میں رہنے والا اکھل
یش کمار جھانسی پی سی ایف میں ریجنل فوڈ کنٹرولر کے عہدے پر تعینات ہیں۔ بدھ کو ان کے پاس ایک فون آیا فون کرنے والے نے خود کو جائزہ افسر بتایا۔ ملزم نے بتایا کہ ان کے خلاف کافی شکایتیں ہیں اس کے بعد ملزم نے اکھلیش کمار کو ویجلنس سے جانچ کی دھمکی دیتے ہوئے دولاکھ روپئے کا مطالبہ کیا۔ ملزم نے جمعرات کو ان کو اسمبلی کے گیٹ نمبر ایک کے نزدیک روپئے لے کر آنے کو کہا۔ جائزہ افسر کے فون کے بعد خوفزدہ ہو گئے اور وہ لکھنؤ کیلئے روانہ ہو گئے۔ اسی دوران پھر اسی نمبر سے ان کے پاس ایک فون آیا اس پر فون کرنے والے نے خود کو جوائنٹ سکریٹری بتایا اور جائزہ افسر کی بات فوراًتسلیم کرنے کی ہدایت دی۔ دوبارہ فون آتے ہی اکھلیش کمار حیران رہ گئے۔ ان کو اس معاملہ میں کچھ گڑبڑی کا احساس ہو گیا۔ وہ آج صبح لکھنؤ پہنچے اور حضرت گنج پولیس سے رابطہ قائم کیا۔ اکھلیش کمار نے پولیس کو پوری بتایا بتائی اس کے بعد سی او حضرت گنج نے ایک ٹیم کو معاملہ کی تفتیش کیلئے لگایا۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق اکھلیش کمار اسمبلی کے گیٹ نمبر ایک کے نزدیک پہنچے اور فون کرنے والے شخص کو اطلاع دی۔ اس درمیان پہلے سے گھیرا بندی کئے ہوئے پولیس ٹیم نے گیٹ نمبر ایک کے نزدیک سے دو ملزمان کو گرفت میں لے لیا۔ پوچھ گچھ میں ایک ملزم نے اپنا نام اندرا نگر کا اتل شرما اور دوسرے نے اپنانام قنوج کا پرمود بتایا۔ پولیس نے جانچ کی تو پتہ چلاکہ اتل شرما سکریٹریٹ کے محکمہ انصاف میں جائزہ افسر کے عہدے پر تعینات ہے جبکہ ملزم پرمود سکریٹریٹ میں دھوپ اگربتی فروخت کرنے کا کام کرتا ہے۔ جائزہ افسر پرمود کے جوائنٹ سکریٹری بن کر افسر کو فون کرنے کیلئے کہتا تھا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے اکھلیش کمار کو فون کرنے کیلئے استعمال ہونے والا سم کارڈ اورموبائل فون برآمد کیا ہے۔
۲۰۰۷ء میں بھی دھوکہ دہی کے الزام میں گیا تھا جیل
جائزہ افسر اتل شرما ۲۰۰۷ء میں بھی دھوکہ دہی اور جعلسازی کے معاملہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ یہاں تک کہ اس کے خلاف گینگسٹرایکٹ کی بھی کارروائی کی گئی تھی۔ اس کے باوجود وہ دوبارہ بحال ہو کر ملازمت کرنے لگا تھا۔ ملزم اتل شرما کافی شاطر ہے۔ اس نے افسران کو فون کرنے کیلئے جعلی آئی ڈی پر ایک سم کارڈ لے رکھا تھا۔ پولیس کو ملزم اتل کے قبضے سے بارہ بنکی کے رہنے والے ایک سنجے سنگھ نام کے شخص کا سم کارڈ ملا ہے۔ پولیس کو اپنی تفتیش میں اس بات کا پتہ چلا ہے کہ ملزم اتل اکھلیش کمار کی طرح ہی ریاست کے ایک درجن سے زیادہ افسران کو اسی طرح دھمکی دے چکا ہے۔ جعلی آئی ڈی پر لئے گئے سم کارڈ کے معاملہ میں پولیس نے ملزم کے خلاف جعلسازی اور دھوکہ دہی کی دفعہ کے تحت بھی رپورٹ درج کی ہے۔