گورکھپور(نامہ نگار)غیرقانونی کاروبارکرنے کی شکایت کی دھمکی کے بعد بدمعاشوں نے سماج وادی پارٹی لیڈر کے بیٹے کو قتل کردیا۔پولیس نے مذکورہ معاملے میں چارملزمین کو گرفتارکرنے کے بعد انھیں جیل بھیج دیا۔ پولیس نے قتل میں استعمال چاقوکو برآمدکرلیاہے۔ پولیس لائن جلسہ گاہ میں منعقد کانفرنس میں واردات کا انکشاف کرتے ہوئے ایس پی سٹی ستیندرکمار نے بتایاکہ محمد پور مہوواری ٹولہ کے باشندے اوم پرکاش اپادھیائے کے بیٹے کملیش اپادھیائے کو محلہ کا ہی ایک نوجوان گھرسے بلا کر لے گیا تھا پندرہ اگست کی صبح کملیش کی لاش رام گڑھ تالاب سے برآمد
کرلی گئی تھی۔کملیش اپادھیائے کی گردن کٹی ہوئی تھی پولیس نے اس معاملے میں کملیش کے چچادیا پرکاش کی تحریر پر محلہ کے سنجے نشاد، اس کے بھائی اجے نشاد، راجہ گپتااوردھیرج سہانی کے خلاف قتل کرنے اورثبوت کوختم کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا تھا۔پولیس نے مخبر کی اطلاع موصول ہونے کے بعد دوشنبہ کی صبح چاروں ملزمین کو روڈویز بس اسٹیشن سے گرفتارکرلیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزمین نے بتایاکہ اجے اورسنجے جوااوراسمک کا غیر قانونی کاروبارکرتے ہیں۔کملیش نے اسے دھمکی دی تھی کہ اگراس نے پولیس کو اس بارے میں کچھ بتایا تواسے قتل کردیا جائے گا۔کملیش نے یہ بات پولیس کو بتانے کی بھی دھمکی دی جس کے بعد اجے اورسنجے نے کملیش کو راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا۔سنجے نے اسے اپنے گھر پر بلا یا اورکملیش کو قتل کرنے کے ارادے سے رام گڑھ لے گئے جہاں راجاگپتا نے کملیش کی گردن کاٹ کر اس کی لاش کو اینٹوں سے باندھ کر تالاب میںپھینک دیا ۔ راجا کی نشان دیہی پر پولیس نے اس کے گھرکے پیچھے سے قتل میں استعمال چاقو کو برآمد کرلیا ۔ ایس ایس پی نے پولیس ٹیم کو پانچ ہزار روپئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔