بارہ بنکی(نامہ نگار)شہر کے تاریخی تالاب دھنوکھرکی بدحالی اور گندگی کو لیکر سماجی کارکنوں نے ضلع مجسٹریٹ بارہ بنکی سے ملاقات کرکے ناراضگی ظاہر کی اور انہیں عرضداشت بھی دی ۔
سنیچر کی صبح منکامیشور مندر لکھنؤ کی مہنت دویا گری کی قیادت میں ضلع کے بیدار سماجی کارکنوںنے دھنوکھر تالاب پر پہنچ کر اس کی بدحالی کاجائزہ لیا ۔ آس پاس کے لوگوں اور مندرکے ٹرسٹی سے بات چیت کی اور دھنوکھر کے موجودہ حالات اوربچاؤ اور باہر سے آرہی غلاظت کو روکنے اور صفائی پر اتفاق رائے بنایاگیا ۔ دھنوکھر تالاب صفائی مہم کاآغا ز آئندہ ۰۳اپریل صبح سات بجے سے کیاجائے گا ۔ اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے صفائی مہم کے کنوینر سماجی کارکن پردیپ سارنگ نے بتایاکہ صفائی مہم میں عوامی نمائندے ،سماجی تنظیمیں ،نگرپالیکا ،ضلع انتظامیہ سے مل کر مدد کی اپیل کی جائے گی ۔ مسٹر سارنگ نے بتایاکہ صفائی مہم میں شامل ہونے کی اپیل بھی کی گئی ہے ۔واضح ہوکہ دھنوکھر تالاب شہر کے بیچو بیچ واقع پانی کا واحد ذریعہ ہے ۔لیکن لوگوں کی مفاد پرستی کے سبب نہ صرف تالاب کی شکل کو ختم کردیاہے بلکہ سیور ،نالے اور پوجا کی اشیاء تالاب میں ڈال کرگندگی پھیلائی جارہی ہے ۔ لیکن اس معاملے پر مسٹر سارنگ کا کہناہے کہ ہمیں کسی تنازعہ میںنہیںآناہے بلکہ تالاب کو صاف کرناہے ۔