دبئی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے آج کہا ہیکہ وہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں مشترکہ طور پر منعقد شدنی ورلڈ کپ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے دو عالمی خطابات حاصل کرنے کے خواہاں ہونے کے علاوہ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے اس ریکارڈ کی برابری بھی کرنا چاہتے ہیں جہاں ان ممالک نے یکے بعد دیگرے دو عالمی خطابات حاصل کئے ہیں۔ دھونی نے کہا ہیکہ ان کی ٹیم بتدریج ایک طاقتور ٹیم میں تبدیل ہورہی ہے اور انہیں امید ہیکہ ورلڈکپ 2015ء میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے یکے بعد دیگرے دو عالمی خطابات کے ریکارڈ کی برابری کرلے گی۔ آئی سی سی کی جانب سے 2015ء آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے انعقاد میں ایک سال کے وقفہ کے ضمن میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے دھونی نے کہا کہ ایک برس بعد ہم اپنے خطاب کا دفاع کریں گے کیونکہ ممبئی میں ایک شاندار رات کو ہم نے عالمی چمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ اس رات کو گذرے ہوئے تین برس ہوچکے ہیں لیکن وہ شاندار یادیں ہنوز ہمارے ذہنوں میں موج
ود ہیں۔ واضح رہیکہ 1992ء کے بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ 14 تا 29 مارچ ورلڈکپ کی میزبانی کررہے ہیں۔