لکھنؤ:مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور ماؤنوازکو دنیا کے لئے بڑا چیلنج بتاتے ہوئے آج کہا کہ ہندوستان نے ان مسائل پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے ۔مسٹر سنگھ آج یہاں قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے ) کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور ماؤنواز تشدد سے پوری دنیا دوچار ہے ۔ یہ تینوں ہی انسانیت کے لئے چیلنج بنے ہوئے ہیں لیکن اطمینان کی بات یہ ہے کہ ہندوستان نے اس پر کافی حد تک کے لئے قابو پا لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیموں میں متعدد ممالک کے نوجوان داخل ہو رہے ہیں لیکن ہندوستان میں انہیں کسی طرح حمایت نہیں مل رہی ہے ۔ ہندوستان کے مسلمان ان تنظیموں کو قطعی پسند نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہا کہ دولت اسلامیہ (داعش)کے معاملے میں ملک محتاط ہے ۔ دہشت گردوں کے تئیں حکومت اور عوام دونوں کا رخ سخت ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کی ثقافت اتنی مضبوط ہے کہ آئی ایس آئی ایس جیسی دہشت گرد تنظیم یہاں کامیاب ہو ہی نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان ترقی پسند ہیں لہذا کسی دہشت گرد تنظیم کی دال یہاں نہیں گلنے والی ہے ۔