نئی دہلی: حکومت نے دہشت گردی سے سختی سے نمٹنے کے لئے پھر سے اپنے عہد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے ادھمپور میں کل بارڈر سیکورٹی فورس کے دستے پر حملہ کرنے والے دو پاکستانی دہشت گردوں میں سے ایک کو مارا گیا اور ایک کو پکڑ لیا گیا ہے ۔
وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج راجیہ سبھا میں ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر ادھمپور کا واقعہ کے سلسلے میں دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ اس حملے میں ب¸ ایس ایف کے دو جوان ہلاک ہو گئے اور 14 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں میں سے ایک مارا گیا جبکہ دوسرے کو مقامی لوگوں کی مدد سے پولیس نے گرفتار کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی پوچھ گچھ میں پتہ چلا ہے کہ گرفتار کئے گئے دہشت گرد کا نام محمد نوید عرف عثمان ہے اور وہ پاکستان کے فیصل آباد کا رہنے والا ہے ۔ مارے گئے دہشت گرد کا نام محمد نعمان عرف نومین ہے اور وہ بھی پاکستان کے بھاولپور کا رہنے والا ہے ۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دو اے کے 47 رائفل، گرینیڈ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردانہ حملے کے سلسلے میں چینان¸ تھانے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور آگے کی جانچ چل رہی ہے ۔ پکڑے گئے دہشت گرد کو جموں لایا گیا ہے اور متعلقہ سینئر افسران اس سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔