عراق کے وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے مقابلے کو عالمی جنگ سے تعبیر کیا ہے-عراقی ذرائع کے مطابق عراق کے وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے منگل کے دن کہا ہے کہ عراق کی اندرونی سیکورٹی دنیا کی سیکورٹی سے جڑی ہوئی ہے- اس لئے عراقیوں کو اپنے ملک کے اقتدار اعلی کے تحفظ کے لئے علاقائی اور عالمی حالات کے ساتھ ہم آہنگ ہونا ہوگا-
ابراہیم جعفری نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ایک عالمی جنگ ہے- انہوں نے کہا کہ یہ ایسی جنگ ہے جس میں فوجی مراکز کو نشانہ نہیں بنایا جاتا بلکہ تعلیمی اداروں،اسپتالوں، عام شہریوں، خواتین، بچوں اور سن رسیدہ افراد کو نشانہ بنایا جارہاہے- عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری نے تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے مقابلے میں عراق کی عوامی رضاکار فورس کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رضاکار فورس مسلح افواج کا متبادل نہیں ہے بلکہ وہ مسلح افواج کی قیادت میں دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کا باہمی تعاون جس قدر زیادہ ہوگا اسی قدر دہشت گردی کے خلاف جنگ کے زیادہ اچھے نتائج برآمد ہوں گے-