ایٹہ(بھاشا)۔گذشتہ شب ضلع کے کاس گنج اسٹیشن پرایک نوجوان کودہشت گرد ہونے کے شک کے سبب گرفتار کرلیاگیا ہے۔جی آر پی کاس گنج انچارج وریندرپال نے بتایا کہ پلیٹ فارم نمبر۶پرایک نوجوان کو مشتبہ حالات میں گھومتے ہوئے دیکھ کراس کی جامہ تلاشی کی گئی۔ مشتبہ نقشے اور دیگر سامان برآمد ہونے کے
بعد نوجوان کوگرفتار کرلیا گیا۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ گرفتار نوجوان کے قبضے سے برآمد سامان ہندوستان اور ملک سے باہرمختلف عمارتوں کے نقشے ، پاسپورٹ ، آئی پیڈ، ۱۱؍اے ٹی ایم کارڈ،ویشنو دیوی اورامرناتھ یاتراکی سی ڈی ، واگھہ سرحد کے نقشے ، مختلف ٹریول ائجنسیوں کے وزیٹنگ کارڈ اور دہلی میں رام لیلاکے دو بیچ برآمد ہوئے ہیں۔ مسٹر پال نے بتایا کہ نوجوان کے قبضے سے پولیس نے ایک ڈائری بھی برآمد کی ہے جس میںموبائل اور ٹیلی فون نمبر درج ہیں۔ اور کچھ جملے کوڈ ورڈ میں تحریر ہیں۔ انھوںنے بتایا کہ گرفتارشخص کے قبضے جو نقشے برآمد ہوئے ہیں ان پرکراچی کی نی او یونیورسٹی کے ایک شعبے کی مہر لگی ہوئی ہے۔ مسٹر پال نے بتایا کہ ۱۲؍ستمبر کو بجنور کے بم دھماکے کے پیش نظر گرفتار نوجوان کے بارے میں بجنو ر پولیس کواطلاع دے دی گئی ہے۔ جی آر پی انچارج نے بتایا کہ نوجوان بات کرنے اور سننے میں مشکلات ہونے کادعوا کررہاہے اس سلسلے میں نوجوان کی طبی جانچ کرائی جارہی ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔