لکھنؤ(نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کے صوبائی صدر اکھلیش یادو کی ہدایت پر یکم فروری سے سات فروری تک ریاست کے ہر ضلع میں سائیکل ریلی نکالی جا رہی ہے۔ ریلی کا مقصد ہر گھر تک سماجوادی پارٹی حکومت کے کارناموں کو پہنچانا اور پارلیمانی الیکشن میں سماجوادی پارٹی کے حق میں اکثریت حاصل کرنے کیلئے ماحول بنانا ہے۔ نوجوان تنظیموں کا اس سے قبل بھی قیادت میں خیال رکھا گیا تھا۔ آج سلطانپور میں سماجوادی پارٹی کی سائیکل ریلی نکالی گئی۔ جس میں محمد عباد سلطانپور سے پارلیمانی امیدوار شکیل احمد، لمبھوا کے رکن اسمبلی سنتوش پانڈے، ضلع صدر رگھوویر یادو، ضلع پنچایت
صدر پرتھوی پال سنگھ سمیت ہزاروں کی تعداد میں سماجوادی پارٹی کارکنان نے سائیکل ریلی میں حصہ لیا اور لمبھوا اسمبلی حلقہ میں ایک جلسہ کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر محمد عباد نے سماجوادی پارٹی کی کارگزاریوں پر روشنی ڈالی اور اس کے ترقیاتی کاموں سے عوام کو آگاہ کیا۔ نوجوانوں میں حکومت کی ترقیات پر مشتمل کتابچہ بھی تقسیم کیا گیا۔محمد عباد نے کہا کہ گاؤں گاؤں اور گھر گھر سماجوادی پارٹی کے ترقیات سے متعلق کاموں کو پہنچانا ہمارا مقصد ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت نے مفت تعلیم ، مفت دوا، مفت آبپاشی کے ساتھ کنیا ودیا دھن، بے روزگاری بھتہ، لیپ ٹاپ کی تقسیم اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود سے متعلق بہت سے کام کئے ہیں۔ اتنے اچھے کام کسی دوسری ریاست میں نہیں ہوئے۔ انہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ لکھنؤ میں قبضہ ہوگیا اب دہلی پر قبضہ کرنا ہے۔ہمیں سائیکل ریلی کے ذریعہ عوام کو حکومت کی پالیسی و اس کے ذریعہ اب تک کرائے گئے ترقیاتی کاموںکے بارے میں روشناس کرا کر پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کو کامیاب بنانے کی جدوجہد کرنا ہوگی۔