نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں سردی کی شدید لہریں برقرار ہیں جہاں کم از کم درجہ حرارت 5.5 ڈگری سلسیس درج کیا گیا ہے جو معمول سے دو درجے کم ہے اور آنے والے دنوں میں موسم مزید سرد ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح 9 بجے حد بصارت 1500 میٹر درج کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے اہلکاروں نے بتایا کہ آج ہوا میں رطوبت کی زیادہ سے زیادہ اور کم از کم شرع بالترتیب 81 فیصد اور 41 فیصد درج کی گئی ہے ۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئي کی ہے کہ کل آسمان جزوی طورپر ابرآلود رہے گا اور بیشتر مقامات پر صبح کے اوقات میں خفیف تا معتد ل کہرا ہوگا، جبکہ بارش کا امکان نہیں ہے ۔ کل کا زیادہ سے زیادہ اور کم از کم درجہ حرارت بالترتیب 20 ڈگری اور 7.0 ڈگری سلسیس ہونے کا امکان ہے ۔