نئی دہلی:قومی دارالحکومت میں آج صبح بھی گھنا کہرا چھایا رہا جس سے ٹرین کی خدمات متاثر ہوئی۔کہرے کی وجہ سے اگرچہ ایئر لائنز پر کچھ خاص اثر نہیں پڑا۔دہلی آنے والی 82 ٹرینوں میں تاخیر ہوئی اور 23 ٹرینوں کی روانگی کے وقت میں تبدیلی کی گئی اور 12 ٹرینیں منسوخ کر دی گئیں۔
دہلی ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ کہرے کی وجہ سے ہوائی ٹریفک پر اگرچہ اتنا اثر نہیں پڑا ہے ۔حد بصارت کی معمول کی سطح 200 میٹر جبکہ رن وے پر حدبصارت کی سطح صبح سات بجے 800 میٹر تک تھی۔
دارالحکومت میں کم از کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے دو ڈگری زیادہ تھا۔محکمہ موسمیات نے دن میں موسم صاف رہنے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا اندازہ ظاہر کیا ہے ۔محکمہ نے کل گھنے کہرا چھائے رہنے اور زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 25 ڈگری سیلسیس اور 11 ڈگری رہنے کا اندازہ ظاہر کیا ہے ۔کل زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا جو معمول سے تین ڈگری زیادہ تھا جبکہ کم از کم درجہ حرارت آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔