نئی دہلی، 20مئی (یو این آئی) کانگریس کی دہلی یونٹ کے صدر اجے ماکن نے کہا کہ قومی راجدھانی میں وزیر اعلی اروند کیجریوال اور لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کے درمیان ٹکراؤ آئینی بحران کا پیش خیمہ ہے جس میں دہلی کے عوام کو سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔مسٹر ماکن نے اس معاملے پر کیجریوال حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام لگایا کہ جان بوجھ کر اتنی چھوٹی سی بات کو طول دیا جارہا ہے تاکہ آئینی بحران کابہانہ بناکر وزیر اعلی عوام کی توجہ بجلی اور پانی کے
بحران سے ہٹاکر ان مسائل سے خود کو بچاسکیں اور اس کے لئے نجیب جنگ کو ذمہ دار ٹھہرائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ نہیں ملا ہے اور دہلی حکومت کے پاس محدود اختیارات ہیں، اس لئے انہیں اپنے دائرہ اختیار کا خیال رکھتے ہوئے ٹکراؤ کی بجائے مصلحت پسندی سے کام لینا چاہئے تاکہ شدید گرمی کے موسم میں دہلی کے عوام کو بجلی او رپانی کی قلت کی مشکلات سے بچایا جاسکے ۔مسٹر ماکن نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد مسٹر کیجریوال کی نفسیات نہیں بدلی جس کے سبب انہیں ٹکراؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔