گورکھپور (نامہ نگار)شہر کے رائے گنج محلہ میں واقع دیسی شراب کی غیر قانونی فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا۔ آبکاری محکہ کے افسران اور راج گھاٹ پولیس کی مشترکہ ٹیم نے چھاپہ مارکر کثیر تعداد میں ریکٹی فائڈ اسپرٹ کے علاوہ سریا ڈسٹلری نام کے ڈھکن ، ہولوگرام اور شیشیاں برآمد کیں۔ چھاپہ کی خبر ملنے کے بعد کاروباری فرار ہوگیا۔ پولیس نے کچھ خواتین کو حراست میں لے لیا ہے۔ برآمد کی گئی خام شراب کی قیمت تقریباً ۱۷ء۱کروڑ روپئے بتائی جارہی ہے۔ موصو
لہ خبر کے مطابق راج گھاٹ علاقہ کے رائے گنج واقع ورما کالونی میں شیام کشواہاکے مکان میں نقلی دیسی شراب بنانے کی اطلاع سرکل انسپکٹر اروند سنگھ کو مخبر کے ذریعہ موصول ہوئی تھی۔ تفتیش میں معاملہ صحیح ملنے پر آبکاری کمشنر ایس کے جین،ضلع آبکاری افسر ایس این چورسیا، انسپکٹر اروند سنگھ، جے کے سنگھ اور ابھیمنیو سنگھ کے ساتھ راج گھاٹ کی پولیس نے شیام کشواہا کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ٹیم کے پہنچنے پر گھروالوں نے اس کی مخالفت کی۔ اسی دوران موقع پر دیکھ شیام فرار ہوگیا۔ تلاشی کے دوران ٹیم نے گودام سے بیس لیٹر کے دوسو ساٹھ گیلن میں بھری ہوئی ریکٹیفائڈ اسپرٹ، منرل واٹر کے گیلن، پندرہ گتوں میں رکھی گئی نقلی دیسی شراب کی چھ سو پچہتر بوتلیں ، ہزاروں کی تعداد میں خالی بوتلیں، سریاں ڈسٹلری کے نام کے ڈھکن، ریپر اور ہولو گرام برآمد کئے۔ شیامو کی بیوی سنجو نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ گھوش کمپنی کے جیسوال بھی اس کاروبار میں شامل ہیں۔ اس سلسلہ میں آبکاری انسپکٹرا رجن سنگھ نے راج گھاٹ تھانہ ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔برآمد سامان کی قیمت تقریبا ۱۷ء۱کروڑ روپئے بتائی جارہی ہے۔ مذکورہ غیر قانونی کاروبار ایک لائسنسی کاروباری کی مدد سے چل رہاتھا۔