بارہ بنکی: گزشتہ دو شنبہ کی دیر رات حلقہ تھانہ دیوئی کے موضع موتئی میں ہوئی مار پیٹ کے بعد صورتحال معمول پر آرہی ہے۔ موقع پر احتیاطاً ضلع انتظامیہ نے بھاری تعداد میں پولیس فورس تعینات کررکھی ہے جبکہ گرام پردھان نے معاملے کو آپسی گفتگو کے ذریعہ حل کرلینے کا دعوی کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مذکورہ گاؤں میں نالی کا پانی بہنے سے سڑک پر ہونے والی گندگی کے سبب دو فرقوں میں زبردست مارپیٹ ہوگئی تھی کافی کشیدگی کو قابو میں رکھنے کے لئے ضلع انتظامیہ نے موثر اقدامت کرتے ہوئے کثیر تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کردیا تھا اور دونوں فرقوں کے ایک ایک درجن افراد کو حراست میں لے کر سخت کارروائی کا انتباہ دیا تھا۔ گرام پردھان منیشور یادو کے مطابق دونوں فرقوں سے بات چیت کرکے مسئلہ کو حل کرلیا گیا ہے اور جلد ہی راستہ کی پختہ تعمیر کرادی جائے گی تاکہ راہ میں پانی بھرنا بند ہوجائے اور کسی کو کوئی دشواری نہ ہو۔ پولیس چوکی متئی انچارج راجیش کمار یادو کے مطابق حالات معمول پر ہیں احتیاطاً پولیس فورس تعینات ہے اور حالات کا باریکی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔