جونپور: اترپردیش اسمبلی کے سابق اسپیکر اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) لیڈر سکھ دیو راجبھر نے آج الزام لگایا کہ ریاست میں قانون کا راج ختم ہوچکا ہے اور جنگل راج کا ماحول ہے ۔مسٹر راجبھر نے یہاں کہا کہ ریاست میں غنڈے اور مافیا حاوی ہیں اور مجرموں کا بول بالا ہے ۔ ریاست میں چاروں طرف خوف اور انارکی پھیلی ہوئی ہے اور کوئی بھی محفوظ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی سڑکیں خستہ حال ہیں اور سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہوگئی ہیںَ۔ سرکار اپنے چہیتے خطوں کو 24 گھنٹے بجلی بھی دے رہی ہے ۔ جبکہ بچے ہوئے ریاست کے لوگ کٹوتی سے بے حال ہیں۔بی ایس پی لیڈر نے کہا کہ ریاست میں ترقی کے سارے کام ٹھپ ہوگئے ہیں۔ سرکاری منصوبوں کا فائدہ حقداروں کو نہیں مل پارہا ہے ۔ لوک سیوا آیوگ اور پولیس کی بھرتی میں ایک خاص ذات کے لوگوں کے غلبہ اور دھاندلیوں کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کی اعلی سطحی جانچ ہونی چاہئے ۔