لکھنؤ، 23 اکتوبر (یو این آئی) سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو آج اترپردیش اور اتراکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ نارائن دت تیواری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرنے کے لئے آج یہاں ان کی رہائش گاہ پہنچے۔ دونوں رہنماوں نے اپنے گزرے دنوں کی یادیں تازہ کیں اور ریاست میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ دونوں رہنما تقریباً 40 منٹ تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے جس کے دوران مسٹر تیواری کی اہلیہ اجوالااور ان کے بیٹے روہت
شیکھر بھی موجود تھے۔ ریاستی وزیر راجیندر چودھری بھی مسٹر یادو کے ہمراہ آئے تھے۔
تاہم اس بار بھی بات چیت کے دوران روہت شیکھر کے سماج وادی پارٹی میں شامل ہونے کا معاملہ نہیں اٹھا۔ بعد میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کوئی سیاسی بیان دینے سے انکار کردیا اور صرف اتنا کہا کہ وہ صرف اپنے بڑے بھائی کا آشرواد لینے کے لئے آئے تھے۔ جب ان سے دیوالی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے بارے میں دریافت کیا گیا
تو انہوں نے یہ کہتے ہوئے کوئی رائے زنی کرنے سے انکار کردیا کہ آج تہوار کا دن ہے اور میں سیاست کے بارے میں کوئی بات نہیں کروں گا۔تاہم ایک سوال کے جواب میں مسٹر یادو نے کہا کہ انہوں نیاترپردیش کے گورنر رام نائک سے دو بار یہ اپیل کی ہے کہ وہ مرکز سے تعاون کرنے اور ریاستی حکومت کی ہرممکن مدد کرنے کے لئے کہیں۔ اترپردیش ایک بڑی ریاست ہے اور مرکز کو ریاستی حکومت سے کسی مطالبے کے لئے انتظار نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے اکھیلیش یادو سرکار کے ذریعہ شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کی بھی ستائش کی ۔