واشنگٹن ، 15 جنوری (رائٹر) ہندوستان امریکہ کے درمیان دیویانی معاملے سے تلخ ہوئے باہمی تعلقات کے پس منظر میں کل پہلی بار دونوں ملکوں کے اعلی عہدیداروں نے بات چیت کرکے آپسی تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے اپنے عہد کااظہار کیا۔
امریکہ نے ہندوستانی سفیر ایس جے شنکر اور امریکہ کے نائب وزیر خارجہ ولیم برنس کے درمیان ہوئی بات چیت میں دونوں ملکوں کے درمیان جاری تعطل کو ختم کرکے باہمی رشتوں کو نئی سمت دینے پر اتفاق کی اظہار کیاگیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے کل جاری کردہ بیان کے مطابق ایس جے شنکر اور ولیم برنس کے درمیان دونوں ملکوں کے باہمی رشتے ، تعاون اور اعتماد کی بحالی کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ملکوں نے دیویانی معاملے کی وجہ سے پیدا شدہ تلخی کو دور کرنے اور تعلقات کو نئی جہت دینے پر اپنی رضا مندی کا اظہار کیا۔
مسٹر برنس نے ہندوستان کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اپنے باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے امریکہ ہندوستان کی تشویش اور اس کے مفادت کا پورا خیال رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ ہندوستان کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی ، صاف ستھری توانائی، دفاعی، اقتصادی اور تجارتی اشتراک اور شہری نیوکلیائی توانائی سے متعلق مسئلے پر اپنا تعاون پہلے کی طرح بدستور جاری رکھے گا۔