دیپیکا نے تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے صاف صاف کہہ دیا کہ وہ شادی کے لیے تیار نہیں ہیں
دیپیکا ابھی تیار نہیں ہیں
کہتے ہیں کہ شوبِز میں جو دکھائی دیتا ہے وہ نہیں ہوتا اور جو ہوتا ہے وہ دکھائی نہیں دیتا یعنی کیا سچ ہے اور دکھاوا یہ کہنا بہت مشکل ہے۔
چاہے وہ دوستی ہو یا رشتے، شادی ہو یا پھر محبت۔ اب سلمان خان اور شاہ رخ خان کے درمیان دشمنی ہے یا دوستی، قطرینہ کیف اور رنبیر کپور شادی کر رہے ہیں یا نہیں، انوشکا شرما اور ویراٹ کوہلی کا رشتہ سچ ہے یا نہیں۔
بالی وڈ راؤنڈ اپ سننے کے لیے کلک کریں
ایسی باتوں کی نہ تو تردید کی جاتی ہے اور نہ تصدیق۔
ایسی ہی ایک فلمی جوڑی دیپیکا پادوکون اور رنویر سنگھ کی بھی کہی جاتی ہے لیکن دیپیکا نے تمام قیاس آرائیوں کا خاتمہ کرتے ہوئے صاف صاف کہہ دیا کہ وہ شادی کے لیے تیار نہیں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پوری زندگی کسی ایک انسان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ بہت بڑا فیصلہ ہے اور وہ ابھی اس کے لیے تیار نہیں ہیں اور جب وہ صحیح وقت، صحیح طریقے سے اور صحیح انسان کے ساتھ اپنی زندگی شروع کرنا چاہیں گی۔
امید ہے کہ رنویر سنگھ نے بھی ان کا یہ بیان سن لیا ہوگا۔
کنگنا
کنگنا کی نئی فلم ’تنو ویڈز منو 2‘ کو ناظرین نے پسند کیا ہے
مجھے سیکوئلز سے دور ہی رکھیں
یوں تو ان دنوں کامیابی کے گھوڑے پر سوار کنگنا رناوت نے بھی شادی کے خیال سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شادی ایک خوبصورت رشتہ ہے لیکن وہ ابھی اس کے لیے تیار نہیں ہیں۔
کنگنا آپ نے کامیابی کا پھل ابھی چکھنا شروع ہی کیا ہے لیکن خیال رہے کہیں دیر نہ ہو جائے۔
جو بھی ہو نیشنل ایوارڈ یافتہ کنگنا رناوت اب بہت سوچ سمجھ کر فلمیں سائن کر رہی ہیں۔
ایسی بھی خبریں ہیں انہوں نے فلم ’کوئین‘ کا دوسرا اور ’تنو ویڈز منو‘ کا تیسرا سیکوئل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ان فلموں کا سیکوئل بنانے کا آئیڈیا کچھ زیادہ اچھا نہیں ہے اور لوگ ان فلموں کو پہلے ہی انجوائے کر چکے ہیں اس لیے زندگی میں آگے بڑھنا چاہیے۔
انوشکا اور ویراٹ
انوشکا اور ویراٹ کبھی کھل کر اپنے رشتے کی بات قبول نہیں کرتے
انوشکا سے ملاقات پر وراٹ کی سرزنش
اب یہ بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ انوشکا اور وراٹ ایک ساتھ ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ ان دونوں کا تو جیسے ’تنازعات‘ سے چولی دامن کا ساتھ ہے۔
حال ہی میں ایک میچ کے دوران انوشکا پویلین میں موجود تھیں اور وراٹ ان کا دل بہلا رہے تھے لیکن بی سی سی آئی کو یہ بات ناگوار گزری اور وراٹ کو اس بارے میں وضاحت پیش کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔
بی بی سی آئی کے مطابق میچ کے دوران کھلاڑیوں کو اپنی جگہ چھوڑ کر کہیں اور بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ دیکھتے ہیں کہ دل کے ہاتھوں مجبور وراٹ اس بار کیا بہانہ بناتے ہیں؟
اظہر کی ’دوسری بیگم‘ کی تلاش
دیکھا جائے تو کرکٹرز اور بالی وڈ کا بھی چولی دامن کا ساتھ رہا ہے۔ چاہے وہ نواب منصور علی پٹودی ہوں یا پھر وراٹ کوہلی۔
اب بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اظہر الدین کو ہی لے لیجیے۔ ان کی زندگی بھی کسی فلمی کہانی سے کم نہیں اسی لیے تو انتھونی ڈیسوزا ان کی زندگی پر فلم بنا رہے ہیں۔
عمران ہاشمی
عمران ہاشمی فلم ’اظہر‘ میں اظہر الدین کا کردار نبھا رہے ہیں
اظہر الدین کا کردار عمران ہاشمی نبھائیں گے اس لیے تیار رہیں اور ان کی پہلی اہلیہ نورین کا کردار پراچی دیسائی ادا کریں گی۔
تاہم اظہر کی دوسری بیگم سنگیتا بجلانی کے کردار کے لیے ہیروئن کی تلاش کافی دنوں سے جاری ہے۔
پہلے اس سلسلے میں کرینہ کپور خان کا نام سامنے آیا تھا لیکن بات بن نہیں سکی۔ دیکھتے ہیں اطہر بھائی کی ’دوسری بیگم‘ کی تلاش کہاں جا کر رکتی ہے۔ا۔