بریلی۔ (یو این آئی) نیشنل شیڈول کاسٹس کمیشن کے چیرمین پی ایل پونیا نے درج فہرست ذات کے زیرالتوا معاملات کو جلد نپٹانے پر زور دیا ہے۔مسٹر پونیا نے گزشتہ شام یہاں کلکٹریٹ میں بریلی ڈویزن کے شاہجہانپور، بریلی، بدایوں اور پیلی بھیت کے ضلعی افسران اور سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹوں کے ساتھ میٹنگ کے دوران شیڈول کاسٹ کی شکایتوں پر ایف آئی آر درج کرکے پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ یا ان سے اوپر کے افسران سے تفتیش کرانے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہاکہ تفتیش کا کام ایک مہینے کے اندر پورا کیا جائے اور پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ خود تحقیقات کریں اپنے ماتحت سے جانچ نہ کرائیں۔
انہوں نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ شیڈول کاسٹ کو ہراساں کئے جانے کے معاملے میں رپورٹ درج کرنے سے منع نہ کیا جائے۔مسٹر پونیا نے کہاکہ شیڈول کاسٹ کے لوگوں کو ہراساں کئے جانے کے معاملے میں حکومت نے مالی مدد کی بھی گنجائش رکھی ہے جو وقت پر متاثرہ کو مہیا کرائی جائے۔ جہا ں ضروری ہو ملزم کو گرفتار کیا جائے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ درج فہرست ذات کے لوگوں کو ہراساں کئے جانے کے معاملے میں اگر کوئی افسر لاوپراہی سے کام لیتا ہے اور مناسب کارروائی نہیں کرتا تو ایسے افسر کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے کارروائی کرنے کی گنجائش ہے۔نیشنل شیڈول کاسٹس کمیشن کے چیرمین نے ضلعی افسران کو ہر تین ماہ میں ضلع میں مانیٹرنگ کمیٹی کی میٹنگ کرکے درج فہرست ذات سے متعلق معاملات کو تیزی سے نپٹانے پر زور دیا۔میٹنگ میں درج فہرست ذات سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہراساں کئے جانے سے متعلق بریلی کے۲۱، بدایوں کے ۱۷، پیلی بھیت کے ۳ اور شاہجہانپور کے ایک معاملے پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور مسٹر پونیا نے ڈویزن میں باقی ۴۲معاملات کو جلد نپٹانے کی بھی ہدایت دی۔