لکھنؤ(نامہ نگار)۔اترپردیش میں سب سے پہلے لکھنؤ کو مکمل خواندہ بنانے کی شروعات ہو چکی ہے ۔ اس میں تقریباً ۷ لاکھ لوگوں کو دو برس کے اندر خواندہ بنانے کا ہدف طے کیا گیا ہے ۔ جس کو پورا کرنے میں حکومت ہند کی ایجنسی ، ریاستی حکومت ، سرکاری محکموں اور تعلیم کے حلقہ میں بے مثال تعاون دینے والی متعدد خود کفیل تنظیموں سے تعاون لینے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔
یہ سب انڈیا لٹریسی مشن کے تحت کیا جارہا ہے ۔ اس لئے بدھ کو ضلع مجسٹ
ریٹ کیمپ دفتر پر انڈیا لٹریسی بورڈ کے چیئر مین جی بی پٹنائک ، ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر ، چیف ترقیاتی افسر یوگیش کمار اور دیوی سنستھان کی چیف سنیتا گاندھی نے ضلع سطح کے افسران اور تعلیمی تنظیموں کے ساتھ مل کر پروگرام کو حقیقی شکل دینے سے قبل جائزہ لیا ۔ اس کے بعد ہر شخص نے مقررہ وقت کے اندر راجدھانی کو مکمل طور پر خواندہ بنانے میں اپنا ہر ممکن تعاون دینے کا حلف لیا ہے ۔انڈیا لٹریسی مشن کی قیادت کر رہے جی بی پٹنائک نے کہا کہ ملک میں بڑھتی آبادی کو قابو میں کرنے اور عوام کو طاقت ور بنانے میں خواندگی کا اہم کردار ہے ۔ اس میں خواتین اور بچیوں کو خواندہ بنانے کے بے شمار فوائد دکھ رہے ہیں ۔ اس لئے اترپردیش میں ۸۰ فیصد خواندگی شرح والے لکھنؤ کے ۷ لاکھ عوام کو دو برس کے اندر مکمل خواندہ بنانے کا لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے ۔اس میں تعلیم ، سماجی بہبود ، محکمہ ترقیات اور دیہی سطح کے اعلیٰ افسران کا بھی مکمل تعاون مل رہا ہے۔ اس لئے مقررہ وقت کے اندر لکھنؤ کو مکمل خواندہ بنانے کا ہد ف پورا ہوجائے گا ۔ اس مہم کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعہ پورا کرنے کا عہد لیا گیا ہے ۔ اس لئے انڈین لٹریسی مشن کو پورا کرنے میں آنے والے خرچ کی ذمہ داری بھی حکومت اور دیگر معاون تنظیمیں مل کر کریں گی ۔
ضلع مجسٹریٹ راج شیکھر نے کہا کہ لکھنؤ میں مہم کو کامیابی کے ساتھ چلانے اور مقررہ وقت کے اندر مکمل خواندگی کا ہدف حاصل کرنے کے لئے گھر گھر جاکر ناخواندہ لوگوں کا انتخاب کیا جائے گا ۔ اس میں جو بچے اسکول جانے سے چھوٹ گئے ہیں انہیں پڑھنے کے لئے اسکول بھیجا جائے گا ۔ جو لوگ اسکول نہیں جاسکتے انہیں خواندہ بنانے کے لئے سمر کیمپ ، اسکولوں میں خواندگی کے لئے لیب بنا کر ایک ساتھ کئی بچوں کو خواندہ بنانے اور ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں کی جانکاری دینے کی ہنر مند تکنیکوں کا استعمال کیا جائے گا ۔ چیف ترقیاتی افسر یوگیش کمار نے انڈین لٹریسی مشن کو دیہی سطح پر نافذ کرنے کے لئے بلاک سطح پر اور گاؤں پنچایت سطح پر اپنے محکمہ کے تمام ملازمین کا تعاون دلانے اور ہدف کو پورا کرنے کی یقین دہانی دی ۔
ا س موقع پر دیوی (ڈگنٹی ایجوکیشن ویژن انٹرنیشنل) تنظیم کی چیف سنیتا گاندھی نے اپنی کیس اسٹڈی کے ذریعہ سے ہدف کو آسان بنانے کے طریقوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔ انہو ں نے کہا کہ ہر شخص دو لوگوں کو خواندہ بنانے کا فیصلہ کرلے تو جلد از جلد ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ڈائٹ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر للیتا پردیپ نے اسکولی بچوں کے ذریعہ خواندگی مہم کو کامیاب بنانے کے آغاز کا ذکر کیا جس میں ۴۸ اسکولی بچوں کی جانب سے پیش رپورٹ میں گاؤں گاؤں گھوم کر لوگوں کو خواندہ بنانے کو تعلیمی لیاقت میں اضافے کا ذریعہ بتایا گیا ہے اس لئے انہوں نے اسکولی بچوں کے تعاون کو بھی کارگر بتایا ۔