قنوج کی رکن پارلیمنٹ ڈمپل یادو نے کہا کہ پارٹی کی ریاستی حکومت اور تنظیم میں نوجوان اور تجربہ کار لیڈر ہیں پارٹی کو اپنا نیٹ ورک ملک کی دیگر ریاستوں تک بڑھانا چاہئے۔ انہوں نے عوام کے مفاد میں کئے جا رہے کاموں کیلئے وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے خواتین کی حفاظت کیلئے کئی اہم فیصلے کئے ہیں۔
اکھلیش نے صبر کے ساتھ میڈیا کا کیا سامنا: جیا بچن
سماجوادی پارٹی کی رہنما راجیہ سبھا کی رکن جیا بچن نے کہا کہ اترپردیش میں وزیر اعلیٰ کے طور پر اکھلیش یادو اچھا کام کر رہے ہیں۔ اکھلیش یادو نے بہت اچھی طرح اور صبر کے ساتھ میڈیا کے حملوں کا سامنا کیا ہے۔ اس صبر کیلئے میں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کو مبارکباد دیتی ہوں۔ جیابچن نے مزید کہا کہ پارٹی کے نوجوان رہنماؤں کو اپنے نیتا سے یہ بات سیکھنا چاہئے۔
مودی حکومت کو نہیں بیٹھنے دیںگے چین سے: دھرمیندر
سماجوادی پارٹی کے سبھی اراکین پارلیمنٹ نے اجلاس میں پارٹی کو قومی سطح پر لے جانے کیلئے پارٹی قیادت کے سامنے اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے بدایوں کے رکن پارلیمنٹ دھرمیندر یادو نے کہا کہ ہم پانچ لوگ بھلے ہی پارلیمنٹ میں پہنچے ہیں لیکن ہم بی جے پی کو پانچ سال چین سے نہیں بیٹھنے دیںگے۔
مین پوری سے نومنتخب رکن پارلیمنٹ تیج پرتاپ سنگھ نے کہا کہ مرکزی حکومت اپنے کسی وعدے کو پورا کرتی نظر نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت ۱۰۰دن میں کوئی ترقیاتی خاکہ بھی نہیں تیار کر سکی ہے۔