نئی دہلی‘ 21جنوری (یو این آئی) دہلی پولیس کے افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے دھرنے پر بیٹھے دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے کل پوری رات سڑک پر سو کر گزاری اور کہا ہے کہ ان کا مطالبہ نہیں مانا گیا تو دھرنے کے مقام پر لاکھوں جمع ہوں گے۔مسٹر کیجریوال نے آج صبح صحافیوں سے کہا کہ وہ اختیارات کے حصول کی لڑائی نہیں لڑ رہے ہیں بلکہ لوگوں کو پولیس کی ذیادتی سے بچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر تین پولیس افسران کو معطل یا ان کا تبادلہ نہیں کیا جاسکتا تو جرائم کیسے روکیں گے۔مسٹر کیجریوال نے کہا کہ عوام کے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ وہ وزیرداخلہ سشیل کمار شنڈے کو بھی چین سے نہیں سونے دیں گے۔ کیجریوال کے ساتھ ان کی کابینہ کے دیگر رفقا نے بھی دھرنے پر کھلے آسمان کے نیچے رات بتائی ۔ ان کے حامی بھی رات بھر وہی ڈٹے رہے۔ریل بھون کے آس پا س سیکورٹی کے سخت بندوبست کئے گئے ہیں ۔ بڑی تعداد میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ پولیس نے مسٹر کیجریوال کے حامیوں کو دھرنے کے مقام پر جانے سے روکنا شروع کردیا ہے ۔ دھرنے کے آس پاس میٹرواسٹیشن بھی بند کردیئے گئے ہیں۔ مسٹر شنڈے نے کل رات وزیراعظم منموہن سنگھ کو دھرنے سے پیدا ہوئی صورتحال کے بارے میں باخبر کیا۔