لکھنؤ(نامہ نگار)۔عوام کے مسائل کی سماعت کرنا پہلی ترجیح رہے گی اس کے علاوہ راجدھانی ہونے کے سبب حکومت کی جانب سے ضلع کی ترقی کیلئے چلائی جارہی اسکیموں کو وقت پر مکمل کرایا جائے گا۔ یہ کہناہے راجدھانی کے نئے منطقائی کمشنر مہیش گپتا کا۔ منطقائی کمشنر کاعہدہ سنبھالتے ہی وہ صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے ۔انھوں
نے کہا کہ ریاست کے دیگر منطقوں کے مقابلے یہاں پرذمہ داری زیادہ بڑھ جاتی ہے ۔ راجدھانی کی ہر چھوٹی بڑی بات بہت معنیٰ رکھتی ہے ۔ لکھنؤمیں ٹریفک ایک بڑا مسئلہ بنتا جارہا ہے۔ اس پرکام کرنے کی ضرورت ہے ۔
موہن لال گنج میں ہوئے حادثے کے سلسلے میں منطقائی کمشنر نے کہا کہ لائسنس جاری کرتے وقت اور تجدید کے وقت شرائط اور قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے جس کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا ہے۔ ۱۹۸۷بیچ کے آئی اے ایس مہیش اس سے قبل پرنسپل سکریٹری کے عہدے پر تعیناتی کے علاوہ منطقائی کمشنر کانپور، آبکاری کمشنر ، سکریٹری داخلہ ، سکریٹری مالیات، سکریٹری توانائی ، سکریٹری بہبود کے عہدوں پربھی رہے ہیں۔ اس دوران ایڈیشنل کمشنر جوڈیشیل دینا ناتھ گپتا ، ایڈیشنل کمشنر انتظامیہ انل کمار پاٹھک بھی موجود تھے ۔