جے پور:راجستھان کے زیادہ تر حصے لو کی زد میں ہیں اور آئندہ 48 گھنٹوں تک موسم میں کوئی تبدیلی کے امکانات نہیں ہیں۔محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق مغربی راجستھان سمیت ریاست کے زیادہ تر مقامات لو کی زد میں ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست کا پھلودي قصبہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے ساتھ سب سے زیادہ گرم مقام رہا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ریاست میں اگلے دو دنوں تک موسم کے حالات میں بہتری کے امکانات نہیں ہیں۔ ریاست میں بادل چھانے اور کہیں کہیں بوندہ باندي ہونے سے موسم میں تبدیلی ہونے کے آثار ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پھلودي کے علاوہ چورو میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ اسی طرح بیکانیر اور باڑمیر میں 49.5 ڈگری، شری گنگا نگر میں49.1، سوائی مادھوپور میں 48.7، جودھپور میں 48.6، ٹونک اور کوٹہ میں48.2 اور جے پور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا ہے ۔ گرمی کی وجہ سے جے پور شہر سمیت ریاست کے کئی شہروں میں دوپہر ہوتے ہی سڑکوں پر سناٹا چھا جاتا ہے اور اس گرمی سے بچنے کے
لئے لوگ اپنے گھروں پر ہی رہنا مناسب سمجھتے ہیں ۔موسم گرما میں پنکھے تو گرم ہوا دیتے ہی ہیں کولر اور اے سی بھی جواب دینے لگے ہیں، گرمی کی شدت کے پیش نظر جے پور ضلع کلکٹر نے کل سے درجہ اول سے 12 ویں کلاس تک کے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے طبی اور صحت کے شعبہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی ہیں۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ گرمی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے متاثرہونے والے مریضوں کے علاج کا اسپتالوں میں معقول انتظام کیا جائے ۔