جے پور: وزارت دفاع راجستھان میں ہیلی کاپٹر یا لڑاکا طیارے کے کل پرزے بنانے کا کارخانہ کھولے گا۔وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج یہاں صحافیوں کو بتایا کہ کارخانہ لگانے کے لئے فی الحال جگہ کا تعین نہیں کیاگیا ہے ، لیکن یہ بین الاقوامی سرحد سے دور دہلی۔ جے پور شاہراہ پر لگ سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ماحولیات کے لحاظ سے بھی غور کیا جائے گا اور جون، جولائی میں کوئی ٹھوس فیصلہ کیا جائے گا۔ون رینک ون پنشن کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ رواں ماہ اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ مسٹر پاریکر کے ساتھ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات راجیہ وردھن سنگھ راٹھور بھی تھے ۔قبل ازیں وزیر دفاع منوہر پاریکر آمیر میں فوج کی بھرتی کی ریلی میں شامل ہوئے اور انہوں نے آن لائن بھرتی کے عمل کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ سوچا جارہا تھا کہ آن لائن بھرتی کے عمل سے درخواست دہندگان کی کمی رہے گی لیکن اس کے اچھے نتائج آئے ہیں۔مسٹر پاریکر آج بی جے پی کے دفتر میں بھی گئے اور کارکنوں سے بات چیت کی ۔ آئندہ بجٹ کے سلسلے میں وہ کسان تاجروں سے بھی ملاقات کریں گے ۔