بلاسپور: مرکزی حکومت کے دو سال مکمل ہونے کے موقع پر آج ‘وکاس پرو’ کے تحت چھتیس گڑھ کے ضلع بلاسپور پہنچے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے نکسلیوں سے تشدد کی راہ چھوڑ کر بات چیت کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی۔مسٹر سنگھ نے بلاسپور ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 10 کلومیٹر دور سکری علاقے میں منعقدہ پروگرام میں کہا کہ مرکزی حکومت انتہاپسندی اور نکسلزم کے خلاف بہت سخت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی معصوم کا قتل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نکسلیوں سے اپیل کی کہ وہ تشدد کی راہ ترک کرکے بات چیت کا راستہ اپنائیں۔
انہوں نے کہاکہ جب سے مرکز میں نریندر مودی کی حکومت اقتدار میں آئی ہے ، ملک کی سرحد بھی محفوظ ہوئی ہے ، دراندازی میں 50 فیصد کمی آئی ہے ۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے بتایا کہ جوانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفید کپڑا نہ لہرائیں اور نہ اپنی جانب سے گولی چلائیں۔مسٹر سنگھ نے مرکزی حکومت کی کارکردگیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ دو برسوں میں تمام شعبوں میں ترقی ہوئی ہے ، ہم عوام سے نظریں ملا کر کام کر رہے ہیں، جبکہ کانگریس نہیں ملا سکتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ وہ بدعنوانی تمام جگہوں سے ختم ہونے کا دعوی نہیں کرسکتے ، لیکن وہ کہہ سکتے ہیں کہ مرکزی حکومت پر بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں لگا سکتا۔