لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ گزشتہ برسوں سے خراب پڑے سمر سیبل کو ٹھیک کرانے کے مطالبہ پر چھیدا خواص پوروا کے سیکڑوں افراد نے اور پانی کے مسئلہ سے پریشان حسین گنج کے علاقہ کے افراد نے سڑک جام کر کے مظاہرہ کیا۔ موقع پر پہنچے افسران کی یقین دہانی پر مظاہرین خاموش ہوئے۔ گزشتہ برسوں سے راجندر نگر کے چھیدا خواص پوروا پرانا تاڑی خانہ کی پشت پر لگا ہوا سمر سیبل خراب پڑا ہوا ہے۔ مقامی لوگوںنے کئی مرتبہ علاقہ کے کارپوریٹر سے شکایت کی لیکن سمر سیبل
ٹھیک نہ ہو سکا جس کی وجہ سے علاقہ میں پانی کی قلت ہے اور لوگوں کو پانی کی وجہ سے کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ آج صبح محلہ کے سیکڑوں افراد سڑک پر نکل آئے اور سڑک جام کر کے مظاہرہ شروع کر دیا۔ پپو لال گپتا ، سنجیو ، آرتی، سشیلا دیوی اور راجو وغیرہ کا الزام ہے کہ مقامی کارپوریٹر کوئی بات نہیں سنتے۔ پانی کے سلسلہ میں علاقہ میں کافی پریشانیاں ہیں اور لوگوں کو پانی کیلئے ادھر اُدھر بھٹکنا پڑ رہا ہے۔ کئی مرتبہ تحریری شکایت بھی کی گئی لیکن محکمہ کے افسران نے بھی کوئی کارروائی نہیں کی۔ موقع پر پہنچے کارپوریٹر نے یقین دہانی کرا کے مظاہرہ کوختم کرایا۔ اس کے علاوہ حسین گنج علاقہ میں پانی کی قلت کی وجہ سے سیکڑوں افراد نے سڑک جام کر کے مظاہرہ کیا۔ مظاہرین مقامی کارپوریٹر و افسران کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ الزام ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے علاقہ میں پانی کا بحران ہے۔ کئی مرتبہ شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ مقامی کارپوریٹر یقین دہانی کرانے کے بعد خاموش بیٹھ جاتے ہیں۔