کانپور(نامہ نگار)سماجوادی پارٹی کے مہانگر امیدوار آج کل کچھ علیحدہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں اسی وجہ سے انہوں نے اپنی ایک علیحدہ ویب سائٹ بھی بنائی ہے۔ سماجوادی پارٹی مہانگر کی نوین مارکیٹ دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کانپور مہانگر حلقہ سے سماجوادی پارٹی کے پارلیمانی امیدوار راجیوشریواستو نے اپنی مستقبل کی حکمت علی کی معلومات فراہم کی۔ راجیو شریواستو نے مہانگر میں نئے ہورڈنگ لگوائے ہیں جن پر تحریر ہے کہ کانپور کی خوشی میری خوشی ہے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے ویب سائٹ بھی بنائی ہے۔ جس کے ذریعہ انتخابی مہم کی تشہیر کی جارہ
ی ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں کچھ الگ کچھ نیا کرنا چاہتاہوں۔
یہی وجہ ہے کہ نئی ہورڈنگ میں پارٹی سربراہ، وزیر اعلیٰ وغیرہ کسی کا فوٹونہیں ہے۔ انہوں نے عوامی جلسوں میں کثیر تعداد میں لوگوں کے پہنچنے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ بہت سے لوگ مزاحیہ اداکار راجیوشریواستو کو سننے اور دیکھنے کے لئے آتے ہیںنہ کہ پارلیمانی امیدوار کے طور پر عام آدمی پارٹی سے اسیم ترویدی کے پارلیمنٹ کے انتخاب لڑنے کی خبر کے سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ اسیم کو بگ باس میں جانے کے لئے میں نے ہی کہا تھا اگروہ سیاست میں آرہے ہیں تو یہ خوش آئندہ فیصلہ ہے۔ راجیو شریواستو نے بتایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مہانگر میں تمام جھگی جھوپڑیوں کو ہٹا کر ان کی جگہ کثیر منزلہ عمارت تعمیر کردی جائے اور اس عمارت میں غریبوں کو بسایا جائے۔ انہوں کے کہا کہ ممبئی کی طرز پر نئے کانپور کی تعمیر ہو۔ سماجوادی پارٹی کے مہانگر صدر چندریش سنگھ نے بتایا کہ گنگا بیراج کے قریب ممبئی کے طرز پر کام کیا جارہاہے اور اس کا سہرا سماجوادی پارٹی کے سرپر ہے۔
سماجوادی پارٹی طلباء یونین کے علاقائی انچارج دگ وجے سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ عدالتوں کے ذریعہ مختلف مقامات پر طلباء یونین انتخابات پر پابندی لگادی گئی ہے۔ اس کی وجہ سے طلباء یونین کے انتخابات نہیں ہوسکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات ہماری ترجیحات میں شامل تھے اور آئندہ تعلیمی سیشن میں طلباء یونین کے انتخابات کے لئے کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک طلباء کو لیپ ٹاپ و ٹیبلٹ دینے کا سوال ہے پارٹی اپنا وعدہ پورا کرنا چاہتی ہے لیکن تمام کمپنیوں نے اتنی بڑی تعداد میں ٹیبلٹ دینے سے اظہار معذوری ظاہر کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ تاخیر سے ملے یہی وجہ ہے کہ بہت سے اعلانات کو پورا نہیں کیا جاسکا۔