چندولی۔ (نامہ نگار)۔اترپردیش کانگریس کمیٹی کی اپیل پر ملک کے سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے قاتلوں کو تمل ناڈو ریاست کی وزیر اعلیٰ جے للیتا کے ذریعہ رہا کئے جانے کے فیصلہ کی مخالفت میں ضلع کانگریس کمیٹی کے ذریعہ ضلع ہیڈکوارٹر پر زبردست مظاہرہ کرکے تمل ناڈو کی وزیر اعلیٰ کا پتلہ نذر آتش کیا گیا۔ اس دوران منعقد دھرنے و مظاہرے کو خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر ڈاکٹر راجیش کمار نے کہا کہ راجیو گاندھی ملک کے سابق وزیر اعظم تھے، ان کا قتل ۲۱ مئی ۱۹۹۱
میں پیرمبور میں ہوا تھا۔
راجیو گاندھی کے قتل کی جانچ سی بی آئی کے ذریعہ کی گئی تھی۔ قاتلو کے خلاف مقدمہ چلا،عدالت نے انہیں پھانسی کی سزا سنائی تھی، مگر رحم کی عرضی کی سماعت میں تاخیر ہونے کے سبب پھانسی کی سزا کو عمر قید کی سزا میں تبدیل کر دیا، جس پر تمل ناڈو ریاست کی وزیر اعلیٰ جے للیتا نے اپنے حقوق کی حد سے باہر نکلتے ہوئے قاتلوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی سخت مذمت کی جاتی ہے اور صدر جمہوریہ سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ جے للیتا حکومت کو فوراً برخاست کرتے ہوئے ان کے خلاف مناسب دفعات میں مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں فوراً گرفتار کیا جائے۔
اس موقع پر پنڈت کیدار ناتھ پانڈے، شیتلا، دینا ناتھ وغیرہ وکلا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام کی نظامت دیویندر پرتاپ نے کی۔