نئی دہلی، 14 اگست (یو این آئی) راجیہ سبھا کے چیئرمین محمد حامد انصاری نے اونچی عدالتوں میں ججوں کی تقرری سے متعلق آئینی ترمیمی بل پر بحث کرانے کےلئے آج تقریبا تمام فریقوں کی طرف سے وقفہ سوالات کو معطل کرنے کے مطالبے کو خارج کردیا۔ اراکین پارلیمنٹ کی طرف سے وقفہ سوالات کو معطل کرکے آئینی ترمیمی بل پر بحث کرانے کے مطالبے کے دوران مسٹر محمد حامد انصاری نے کہا کہ وقفہ سوالات کے بعد بھی اس موضوع پر بحث کرانے کےلئے وقت رہے گا۔ یہ آئینی ترمیمی بل بھی بہت اہم ہے اور اس میں ترمیم کی سفارشات آرہی ہیں۔ چیئرمین نے کہا کہ وقفہ سوالات بہت اہم ہوتا ہے اور اراکین پارلیمنٹ کو یہ وقفہ ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیمی بل پر کل شام اچھی بحث ہوئی تھی اور وہ چاہتے ہیں کہ آج بھی ممبران اس پر اچھی بحث کریں۔ پارلیمانی امور کے وزیر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ وہ وقفہ سوالات
معطل کرنے کی روایت شروع نہیں کررہے ہیں۔ اگر ایوان کی رضامندی ہو تو آئینی ترمیمی بل پر بحث کرائی جاسکتی ہے۔