لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا پرمود تیواری نے جمعرات کو راجیہ سبھا میں سیاہ دولت معاملہ میں وزیر اعظم پر طنزیہ فقرے کسے۔ انہوں نے الزا م عائد کیا کہ سیاہ دولت مدعے پروزیر اعظم نے جھوٹ بول کر ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کا کام کیا ہے۔ نئی دہلی سے جا
ری ان کے بیان میں راجیہ سبھا میں اس بات کی معلومات بھی دی۔ انہوںنے کہاکہ ۵۶؍انچ کا سینہ رکھنے والے مودی نے ہاتھ اٹھاکر اور ان کی پارٹی نے ۱۰۰ دن کے اندر غیر ممالک میں جمع سیاہ دولت واپس لانے کا وعدہ عوام سے کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی پیدائش ہی سیاہ دولت سے ہوئی اور سیاہ دولت والے ہی حکومت چلا رہے ہیں ۔انہوںنے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت سیاہ دولت والوں کیلئے ہی سوچتی ہے اور ان کا ہی بھلا کرتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ ۱۰۰ دن میں سیاہ دولت واپس لانے کی بات کرنا تو دور چھ ماہ گزر جانے کے بعد بھی سیاہ دولت واپس نہیںلائی جا سکی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم وعدہ پورا نہیں کر پا رہے ہیں تو حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ملک کے عوام سے وعدہ خلافی اور جھوٹ بولنے کیلئے معافی مانگیں۔ انہوں نے اقلیتی بہبود کے وزیر مختار عباس نقوی پر بھی طنزیہ جملے کہے۔ انہوںنے مسٹر نقوی کو ۲۰۰۴ ماڈل بتاتے ہوئے کہاکہ ۲۰۱۴ء میں بھی وزیر مملکت بنائے جانے پر طنزیہ فقرے کسے۔