لکھنؤ(نامہ نگار)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے منگل کو مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی سے ملاقات کی۔ مسٹر سنگھ نے مولانا کے جوہری محلہ واقع مکان پر پہنچ کر مولانا سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔میئر ڈاکٹر دنیش شرما، سینئر رہنما رماپتی رام ترپاٹھی سمیت دیگر رہنماؤں کے ساتھ مولانا کی رہائش گاہ پر پہنچے مسٹر سنگھ نے مولانا کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کی۔ ملاقات کے دوران مولانا نے مسٹر سنگھ سے ریاستی حکومت کی زیادتی کا ذکر کیا۔ انہوںنے ریاستی حکومت کے ایک وزیر کے اشارہ پر فرقہ پر زیادتیاں کرانے کا الزام عائد کیا۔ مولانا نے مسٹر سنگھ سے انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں پر کارروائی نہ ہونے کی شکایت کی۔ مسٹر سنگھ نے مولانا کو یقین دلایا کہ وہ ان کے ساتھ ہیں اور وہ ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریںگے۔ مسٹر سنگھ نے مولانا سے دہلی آکر ان سے ملاقات کرنے کی دعوت دی۔