لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ بی جے پی کے صدر اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا لکھنؤمیں دو روزہ قیام کئی لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے۔ خیال ہے کہ لکھنؤ کے موجودہ رکن پارلیمنٹ اپنے دو روزہ دورہ میں کئی مسائل کو حل کرنے میں پہل کریں گے کیونکہ لکھنؤ کی ترقی کا جو وعدہ انہوں نے عوام سے کیا ہے اس کی تصویر تقریباً تیار ہو چکی ہے۔ امید ہے کہ اتوار کو راجناتھ سنگھ اپنی سرکاری رہائش گاہ پر ریاست کے کئی بڑے لیڈروںکے ساتھ جلسہ کر کے ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کریں گے۔ اس بات چیت میں سابق ایل ڈی اے سکریٹری دیواکر ترپاٹھی کو بھی شامل کیاجانا تقریباً طے ہے۔اس موقع پر انتخاب میں بہتر خدمات انجام دینے والے نوجوان کارکنو ںکو انعام بھی دیا جائے گا۔ ساتھ ہی خواتین کے تحفظ اور دیگر عوامی مسائل پر یو پی بی جے پی کی تحریک کو تیز کرنے پربھی غور کیا جائے گا۔ شہر کے ترقیاتی کاموں کا خاکہ تیار کرنے کا خاکہ سابق ایل ڈی اے سکریٹری دیواکر ترپاٹھی تیار کر چکے ہیں۔ اگر راج ناتھ سنگھ نے اس کو منظوری دے دی تو اس خاکہ پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔ لکھنؤ کے کئی مسائل سے نجات دلاکر نئی اسکیموں پر عمل درآمد کے سلسلہ میں دیواکر ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ میں نے لکھنؤ کی ترقی کے سلسلہ میں جو خاکہ تیار کیا ہے امید ہے کہ وہ راج ناتھ سنگھ کو پسند آئے گا۔ لک
ھنؤکی گندی بستیوں کی صفائی ، ٹریفک نظام ، سیور نظام، نالوں کی صفائی، کوڑے کے ڈھیر ان کی خصوصی توجہ کی فہرست میں ہیں۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ گندی بستیوں کی ترقی کیلئے رائے بریلی روڈ، کانپور روڈ، یا پھر بارہ بنکی روڈ پر زمین حاصل کرکے سستے داموں پرایک کمرا اور بیت الخلاء بناکردیا جائے گا۔ یہ اسکیم صرف گندی بستی میں رہنے والوں کیلئے ہی ہوگی کسی دوسرے شخص کو اس کا فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔ اس میں خاص بات یہ ہے کہ اہلیت کی جانچ کے بعد کسی طرح کے سرٹیفکیٹ کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔ جس کو مکان الاٹ کیاجائے گا اسے یہ حلف نامہ داخل کرنا ہوگا کہ وہ آئندہ کہیں بھی جھگی جھونپڑی نہیں بنائے گا۔ تنظیم میں اہم کردار ادا کرنے والے کارکنوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ وارڈ کی سطح سے ضلع سطح تک کارکنوں کو اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ پرانے کارکنوں کو جنہوں نے کسی بھی زمانہ میں خدمات انجام دی ہیں انہیں سیل بناکر اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ ریاستی دفتر اور ضلع دفتر میں ملازمین کو دو ماہ کے بونس کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی میں مرکزی پارٹی کے ملازمین کو تین ماہ کی تنخواہ کا بونس دینے کا اعلان کیا تھا۔ تقریباً یہ یقینی تسلیم کیا جا رہا ہے کہ اسی ماہ کی تنخواہ کے ساتھ بی جے پی کے ملازمین کو دو ماہ کا بونس مل جائے گا۔ یاد رہے کہ بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ دو روزہ دورہ پر لکھنؤ آرہے ہیں جو کل گیارہ بجے چودھری چرن سنگھ ایئر پورٹ پہنچیں گے وہاں سے پرانی چنگی، اودھ چوراہا، شیو شانتی آشرم، پنڈت دین دیال یادگار اور پریورتن چوراہا ہوتے ہوئے بی جے پی کے صدر دفتر جائیں گے جہاں ایک گھنٹے قیام کے بعد اپنی رہائش گاہ چار کالی داس مارگ جائیں گے۔ شام چھ بجے مادھو آڈیٹوریم نرالہ نگر میں کارکنوں کے ایک جلسہ کو خطاب کریں گے اور ۸؍جون کو تین بجے وجے واڑہ آندھرا پردیش کیلئے روانہ ہو جائیں گے۔