نئی دہلی: وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کولکاتہ میں ایک زیر تعمیر پل کے گرنے سے متعد افراد کی ہلاکت پر دکھ ظاہر کرتے ہوئے آج کہا کہ امدادی کام کے لئے نیشنل ڈیزاسٹر ریلیف فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیموں کو جائے حادثہ کی طرف روانہ کیا گیا ہے ۔ مسٹر سنگھ نے ٹوئیٹ کیا، ” کلکتہ میں ہوئے حادثے میں بہت سے لوگوں کے مارے جانے کی خبر سن کر مجھے گہرا دکھ ہوا ہے ۔ غم زدہ خاندانوں کے تئیں میری ہمدردی ہے ۔ میں نے این ڈی آر ایف کے ڈائریکٹر جنرل سے اس بارے میں بات کی۔ این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو جائے حادثہ پر بھیجا گیا ہے ”۔وزیر داخلہ مغربی بنگال میں ہی ہیں جہاں وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے انتخابی مہم کے لئے گئے ہیں۔کولکا تہ سے موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق وہاں ایک زیر تعمیر فلائی اوور کے گرنے سے کم از کم 15افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔