لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔غازی پور علاقہ میں رہنے والے راج گیر ارشاد علی کا گلا دباکر قتل کیا گیا تھا۔ یہ بات آج پوسٹ مارٹم رپورٹ سے ظاہر ہوئی ہے، پولیس نے اس معاملہ میں کل ہی قتل کی رپورٹ درج کر لی تھی۔ فی الحال اب تک نہ تو قتل کے اسباب اور نہ ہی قاتلوں کا کچھ پتہ چل سکاہے۔اس سلسلہ میں انسپکٹر غازی پور اجیت سنگھ چوہان نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ ارشاد کا گلا دباکر قتل کیا گیا تھا پولیس اب ارشاد سے ملنے جلنے والوں کے بارے میں معلومات حاصل کر رہی ہے۔ پولیس قاتلوں تک پہنچنے کیلئے اس کے موبائل فون کی تفصیلات بھی کھنگال رہی ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ ارشاد کے قتل میں اس کے کسی قریبی کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ پولیس ارشاد کے قاتلوں کا جلد پتہ لگانے کا دعویٰ کررہی ہے۔
واضح ہو کہ گونڈہ کے رہنے والے ارشاد علی کی لاش کل شام غازی پور واقع گودریج انٹیرئر کے چار منزلہ کامپلکس کی چھت پر بنے ایک کیبن میں پڑی ملی تھی۔ لاش کو سب سے پہلے بلڈنگ کے مالک پریم کمار نے دیکھا تھا۔ انہوں نے پولیس کو بتایا تھا کہ ارشاد کو انہوں نے آخری بار اکیس اگست کو دیکھا تھا اس کے بعد سے اس کے کیبن کا تالا بندتھا۔ کل شام کیبن سے بدبو آنے پر انہوں نے کھڑکی سے جھانک کر دیکھا تو ارشاد کی لاش پڑی ہوئی تھی۔