لکھنؤ (نامہ نگار)سپلائی محکمہ کے دفتر میں ضوابط کے مطابق پورامحکمہ موجود ہے لیکن اس کے باوجود راشن سے گھریلو گیس کی کالابازاری عروج پرہے۔ اتناہی نہیں محکمہ کی جانب سے مسلسل مہم چلا کر چھاپہ ماری کرکے سیکڑوں سلنڈر برآمد بھی کئے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود پھردن گذرتے ہی ناجائز کاروباریوں کاکھیل شروع ہوجاتاہے ۔
گیس اور راشن کی کالابازاری کے سبب عوام کی پریشانیاں بڑھتی جارہی ہیں۔ واضح ہوکہ عام آدمی کوحکومت کی جانب سے ملنے والے راشن، مٹی کے تیل ،شکر،اور گھریلوسلنڈروںکی سپلائی کاکام ضوابط کے مطابق کروانے کی ذمہ داری سپلائی محکمہ کے افسران کے پاس ہے ۔راجدھانی میں ضلع سپلائی افسر کے علاوہ بارہ علاقائی غذائی افسر اور گیارہ غذائی انسپکٹر تعینات ہیں۔
اس میں چار علاقائی غذا افسر اور تین غذاانسپکٹر رزرو رکھنے کانظم ہے
۔غذاافسران کو ہندستانی غذائی کارپوریشن کے گوداموںسے آنے والے راشن ، شکر ملوںسے آنے والی شکر اور تیل ڈپوسے آنے والے مٹی کے تیل کی نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس میں حکومت نے تین سطح پرراشن اور شکر اورمٹی کے تیل کی سپلائی سے متعلق نگرانی کاقانون بنایا ہے۔ اس میں غذائی کارپوریشن آف انڈیا ، شکر ملوں اور تیل ڈپو سے ضلع کوکتنی مقدارمیں سامان ملا اس میں دکانداروںکوکتنا راشن ،شکر اور تیل الاٹ ہوا۔ یہ راشن دکانوںکو وقت پرپہنچایا نہیں ۔ دکانداروںنے وقت پرضوابط کے مطابق کارڈحاملین کو راشن تقسیم کیایانہیں۔ اس سب کی تفصیل درج کرنے اور ضوابط کے مطابق کام نہ کرنے والوںکے خلاف کاروائی کااختیار سپلائی محکمہ کے افسران کے پاس ہے۔ اس کے باوجود گذشتہ ایک برس سے مسلسل لازمی اشیا کارپوریشن کے گوداموںسے سستاغلہ کونسل کے دکانداروںکے پاس تاخیر سے راشن پہنچنے کی شکایتیں ملتی رہی ہیں۔ جس کی وجہ سے وقت پرتقسیم کاکام شروع نہیںہوپاتا۔ راشن کیلئے پیشگی رقم جمع کرالی جاتی ہے۔ لیکن وقت پرراشن نہیں ملتاگ اگر راشن میں کسی طرح کی تخفیف کی جاتی ہے تواس کاایڈجسٹمنٹ نہیں کیاجاتاہے۔ اس کے علاوہ گودام سے راشن پہنچانے والے ٹھیکیداروںکے خلاف گھٹ تولی کی شکایتیں ملتی ہیں۔جس کوسنجیدگی سے لے کرکاروائی کی ذمہ داری سپلائی محکمہ کے افسران کے پاس ہے لیکن گذشتہ ایک برس میں گھٹ تولی اور وقت پرراشن نہ پہنچانے والوں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ سپلائی محکمہ کے افسران کے پاس گھریلو گیس سلنڈرکی سپلائی میں بدعنوانی کی شکایتوں پرکاروائی کرنے کااختیار ہے ۔
محکمہ جاتی افسر تہواروںکے وقت سرگرمی دکھاتے ہیں لیکن عام دنوںمیں چھاپے ماری مہیم نہیں چلائی جاتی ہے ۔اسی وجہ سے گھریلو سلنڈر کی ناجائز کالابازاری کرنے والوں کے حوصلے بلند ہیں۔ وہ عام آدمی سے گھریلو سلنڈر کی منھ مانگی قیمت وصول کرتے ہیں۔