لکھنؤ: ضلع میں نئے راشن کارڈ جاری کرنے کا کام ٹھپ ہے۔ سپلائی محکمہ اور راشن کارڈ کی پرنٹنگ کرنے والا ادارہ اپنی سہولت کے مطابق کام کر رہا ہے۔ اس وجہ سے ۳۰؍دسمبر تک سب کو نئے راشن کارڈ دینے کی کوشش ضائع ہو گئی۔ اپنی غلطیوں کوچھپانے کیلئے سپلائی محکمہ نے نئے راشن کارڈ تقسیم کرنے کی تاریخ خاموشی سے آگے بڑھا دی ہے اس کا سبب ملازمین کی انتخابی کاموں میں مصروفیت بتایا ہے۔ راجدھانی میں کارڈ حاملین کی تعداد ۵۶ ہزار ۹۱۱ ہے اس میں تقریباً ساڑھے چھ لاکھ کنبوں کو نئے راشن کارڈ مل چکے ہیں بقیہ کنبوں کوابھی تک نئے راشن کارڈ ملنے کا انتظارہے۔ اس سلسلہ میں علاقائی درخواست دفتر اور کوٹیدار سے رابطہ کرتے ہیں تو ان سے جواب ملتا ہے کہ جب راشن کارڈ بن جائے گا تو خود ہی آپ کو مل جائے گا۔اس سلسلہ میں ذمہ دار افسران کچھ بھی بتانے کے بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اعداد و شمار پر اگرغور کریں تو سپلائی محکمہ اب تک چار لاکھ ۹۳ ہزار ۵۱۲ اے پی ایل، ۲۱ ہزار ۴۱۲ بی پی ایل اور ۲۰ ہزار ۲۰۱ کنبوں کو انتیودے راشن کارڈ تقسیم کر چکا ہے جبکہ لکھنؤ میں اے پی ایل کارڈ حاملین کی تعداد ۸ لاکھ پچیس ہزار ۶۰۲ ، بی پی ایل کارڈ حامل کنبوں کی تعداد ۸۱ ہزار ۱۹۷؍ اور انتیودے کارڈ رکھنے والے کنبوں کی تعداد ۵۰ ۰زار ۱۱۲ ہے۔ اس طرح تقریباً ساڑھے تین لاکھ کنبوں کو نئے راشن کارڈ ملنے کا انتظار ہے۔ ضلع سپلائی افسر سی ایس اوجھا نے بتایاکہ حکومت کی سطح سے انتیو دے اور بی پی ایل کارڈ یافتگان کو نیا راشن کارڈ جاری کرنے کی ہدایت دی تھی۔ نیا راشن کارڈ جاری کرنے سے قبل تقریباً چھ ماہ تک ڈاٹا انٹری کا کام کروایا گیا۔ یہ کام ابھی چل رہا ہے۔ ضلع میں صد فیصد کنبوں کی درخواستیں بھروانے اور ان سے متعلق ڈاٹا آن لائن فیڈ کروانے کا کام چل رہا ہے اس میں فیڈنگ کے دوران ہونے والی خامیوں میں اصلاح کا کام بھی جاری ہے۔ اس عمل کو مکمل کرنے کے بعد ہی نئے راشن کارڈ جاری کرنے کا کام شروع کیا جائے گا۔ جہاں تک نئے راشن کارڈ جاری کرنے کاکام رکے ہونے کی بات ہے تو تقریباً دو ماہ قبل غذائی تحفظ ایکٹ کا کام شروع کرایا گیا تھا اسی وجہ سے نیا راشن کارڈ بنانے کی رفتار سست ہو گئی۔ انتخابات میں ملازمین کی مصروفیت کے سبب ہی کام متاثر ہوا ہے۔فی الحال نئے راشن کارڈ جاری کرنے کا کا م تیز ی سے مکمل کرانے کیلئے تمام ترقیاتی بلاکوں میں کمپیوٹر لگوا دیئے گئے ہیں اور کمپیوٹر آپریٹروں کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ ایسی صورت میں امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ دوماہ میں ڈاٹا فیڈنگ اور درخواست دینے والے تمام اہل کنبوں کو نئے راشن کارڈ جاری کرنے کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔