لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ راشن کارڈوں کے آن لائن فیڈنگ کا کام شروع ہو گیا ہے، اس کام کیلئے مقررہ کی گئی تنظیم آغوش نے اب تک ۱۵۰ مکمل درخواست فارموں کے ڈاٹا کو نئے سافٹ ویئر میں فیڈ کر دیا ہے۔ فیڈنگ کا کام شروع ہوتے ہی سبھی ریجنل افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں آنے والے لوگوں کے راشن کارڈوں میں خامیاں تلاش کرنے اور ان کو صحیح کرانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ ضلع سپلائی افسر ابھے سنگھ نے بتایا کہ راشن کارڈوں کو ڈیجیٹل بنانے کا کام شروع ہو چکا ہے اس میں بدھ کو نئے سافٹ ویئر پر آن لائن ڈاٹا فیڈنگ کا کام شروع ہو گیا۔ ایک دن میں تقریباً ۱۵۰راشن کارڈوں سے متعلق تفصیل فیڈ کرنے میں کامیابی ملی۔ اس میں خامی کی وجہ سے جن لوگوں کے راشن کارڈ منسوخ کر دیئے گئے تھے ان کے درخواست فارموں کو الگ کرنے اور ان میں موجود خامیوں
کو دور کرانے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سپلائی محکمہ نے راشن کارڈوں سے متعلق ڈاٹا ۱۳-۲۰۱۲ء میں ہی محکمہ جاتی ویب سائٹ پر درج کر دیا تھا۔ اس میں جون ۲۰۱۰ء تک بنے راشن کارڈوں میں موجود تفصیل کو اپ ڈیٹ کیا گیا تھا۔ اسی بنیاد پر راشن کارڈوں کو ڈیجیٹل بنانے کا عمل چل رہا تھا لیکن سابقہ سافٹ ویئر میں کچھ کمی ہونے کی وجہ سے ڈیجیٹیلائزیشن کے کام کو روکنا پڑا۔ سپلائی محکمہ کی ویب سائٹ پر درج اعداد و شمار کے مطابق لکھنؤ میں اے پی ایل کارڈ یافتگان کی تعداد ۸ لاکھ ۳۰ ہزار ۴۹۳، بی پی ایل کارڈ یافتگان کی تعداد ۸۱ ہزار ۱۹۷ اور انتیودئے کارڈ یافتگان کی تعداد ۵۰ ہزار ۱۱۲ ہے۔ اس طرح محکمہ کی جانب سے ۹ لاکھ ۶۱ ہزار ۸۰۲ راشن کارڈ یافتگان سے ڈیجیٹیلائزیشن کا فارم بھروایا گیا تھا لیکن ستمبر ۲۰۱۴ء تک کے راشن کارڈ یافتگان سے متعلق تفصیل آن لائن فیڈ کرانے کے فیصلہ کے بعد تقریباً گیارہ لاکھ راشن کارڈ بنائے جانے کا اندازہ ہے۔ اس لئے تقریباً دو ماہ میں سبھی راشن کارڈ یادفتگا ن سے متعلق راشن کارڈ یافتگان سے متعلق ڈاٹا آن لائن فیڈ ہونے کی امید ہے۔