نئی دہلی:کانگریس نے آج کہا ہے کہ یوگا گرو بابا رام دیو کا یہ کہنا کہ اگر ملک میں قانون نہ ہوتاتو ہم ”بھارت ماتا کی جے ” کہنے سے انکار کرنے والوں کے سرکاٹ ڈالتے تشدد پر اکسانے کی کوشش ہے نیز مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس معاملہ میں کارروائی کریں۔واضح رہے کہ آر ایس ایس کے زیر اہتمام سدبھاونا سمیلن میں حکمراں بی جے پی کے نظریہ ساز بابا رام دیو نے کہا کہ ہم اس کے قانون اور آئین کا احترام کرتے ہیں ورنہ بھارت ماتا کی توہین کرنے والے ایک شخص کا نہیں بلکہ ہزاروں لاکھوں کے سر کاٹ ڈالتے ۔اس بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے لیڈر سنجے جھا نے کہا کہ بابا رام دیو کی آر ایس ایس کی میٹنگ میں ”سرکاٹنے ” کی دھمکی پرتشدد کارروائی اور لوگوں کو سرعام ڈرانے دھمکانے کی اپیل ہے ۔ مسٹر مودی کواس پر کارروائی کرنی چاہیے ۔