لکھنؤ۔(نامہ نگار)کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مالے گروپ)نے دلتوں کے گھر پکنک اور ہنی مون منانے والے راہل گاندھی کے سلسلے میں دیئے گئے بابا رام دیو کے بیان کو دلتوں کی بے عزتی بتاتے ہوئے سخت مذمت کی۔ پارٹی نے بابا رام دیوکو غیر ضمانتی دفعات کے تحت گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پارٹی کے ریاستی سکریٹری رام جی رائے نے کہا ہے کہ رام دیو کا بیان ان کی ذہنی پستی کا نمونہ ہے۔ اس طرح کا بیان دے کر بابا رام دیو نے دلتوں اور خاص طور سے دلت خواتین کی بے عزتی کی۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ بیان سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ اس کیلئے ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جانا چاہئے ۔ پارٹی لیڈر نے کہاکہ دلتوں کی بے عزتی کرنے والے بابا رام دیو کا دفاع کرکے بی جے پی نے دلت مخالف وجمہوریت مخالف چہرے کو اجاگر کردیا۔