انیس سو نواسی میں آئی سبھاش گھئی کی سپر ہٹ فلم رام-لکھن کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اب اس کا ریمیک بنانے کی بات گشت کر رہی ہے۔ رام لکھن میں انل کپور، جیکی شراف اور راکھی نے جس طرح اپنے اپنے رول کے ساتھ انصاف کیا اسی کا نتیجہ تھا کہ فلم کو زبردست کامیابی ملی اور یہ سبھاش گھئی کی بہترین فلموں میں شمار کی گئی۔ اب اس کی کامیابی کو کیش کرانے کے لئے روہت شیٹی کے ڈائریکشن میں ریمیک بنانے کی تیاری چل رہی ہے۔ جس کو بنانے میں کرن جوہر اسسٹنٹ فلمساز کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ جبکہ سبھاش گھئی کے کندھوں
پر سب سے زیادہ ذمہ داری ہو گی یعنی سبھاش گھئی اور کرن جوہر مل کر اس فلم کے ریمیک کو انجام دیں گے۔ اس ریمیک میں اسٹوڈنٹ آف دی ایئر فیم سدھارتھ ملہوترا اور ورون دھون جیکی شراف اور انیل کپور کے رول میں ہوں گے۔ لیکن اس فلم کے بننے کے سامنے تب سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا جب رام لکھن کے اہم تینوں اداکاروں نے اپنی رائے ظاہر کی کہ رام لکھن کا ریمیک نہیں ہونا چاہئے۔ انیل کپور، جیکی شراف اور راکھی کی باتوں میں کتنا وزن ہے اس کا پتہ تو بعد میں چل ہی جائے گا۔ لیکن بالی ووڈ جس طرح سے ماضی کی ہٹ فلموں کا ریمیک بنانے کے ٹرینڈ پر آگے چل رہا ہے اسے دیکھتے ہوئے اس کی امید کی جا رہی ہے کہ دیر سبیر رام لکھن کا ریمیک ناظرین کو دیکھنے کو مل سکتا ہے۔