لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ چار ریاستوں میں مودی لہر کو بھنانے کیلئے بی جے پی کوئی کسر چھوڑنا نہیں چاہتی ہے۔ اس سلسلہ میں اب تک کئی اجلاس ہو چکے ہیں۔ بی جے پی کا اگلا نشانہ دہلی ہے جہاں رام لیلا میدان میں اٹھارہ اور انیس جنوری کو جلسہ کرنے کی تجویز ہے۔ ریلی میں ریاست کے تمام چھوٹے بڑے لیڈروں کو شامل ہونے کی ہدایت دی جا چکی ہے ساتھ ہی یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ جلسہ میں سب کی موجودگی ضروری ہے۔ مہنگائی اور بدعنوانی جیسے مسائل سے گھری کانگریس کے ووٹ بینک کو حاصل کرنے کیلئے بی جے پی کا کنبہ مسلسل پالیسی سازی میں مصروف ہے۔ دہلی کے جلسہ میں اترپردیش سے ۱۲۰۰ کارکنوں کے آنے کا نشانہ ہے۔ اس جلسہ میں مودی بھی موجود رہیں گے اور کارکنوں کو الیکشن کے سلسلہ میں معلومات فراہم کی جائے گی۔ بی جے پی کے صدر راج ناتھ سنگھ کی صدارتی تقریر کے بعد لال کرشن اڈوانی ، نریندر مودی، سشما سواراج، ارون جیٹلی، مرلی منوہر جوشی، ایم وینکٹا نائیڈو، نتن گڈکری اور بی جے پی کے حکمرانی والے علاقوں کے وزرائے اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان ، مسز وسندرا راجیش سندھیا ،ڈاکٹر رمن سنگھ، منوہر پریکر اپنے خیالا ت کا اظہار کریں گے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ریاست کے تمام قومی عہدیداران اور مورچہ کے عہدیداران ،مختلف سیلوں کے کنوینر،تما م اراکین پارلیمنٹ اور اراکین اسمبلی ریاستی عہدیداران وغیرہ بھی جلسہ میں شرکت کریں گے۔