ویسے تو بالی وڈ میں کافی پہلے سے اس بات کا چرچا تھا کہ رانی مکھرجی آدتیہ چوپڑہ کے کافی قریب آ چکی ہیں لیکن اکیس اپریل دو ہزار چودہ کو دونوں کے شادی کے بندھن میں بندھنے کا باقاعدہ اعلان ہونے سے اس بات کو تقویت پہنچی کہ نہ صرف رانی مکھرجی بلکہ آدتیہ چوپڑہ کے لئے اکیس کا نمبر لکی ثابت ہوا ۔ کیونکہ آدتیہ چوپڑا کا یوم پیدائش اکیس مئی کو آتا ہے جبکہ رانی مکھرجی کا اکیس مارچ کو اور دونوں کے شادی کے بندھن میں بندھنے کی تاریخ بھی اکیس اپریل رہی ۔ چھتیس سال کی رانی مکھرجی اور بیالیس سال کے آدتیہ چوپڑا کی شادی پریوں کی کہانی کی طرح ہے ۔ ان دونوں کی شادی کی خبریں تو بہت پہلے سے آتی رہی تھیں لیکن اس کا باقاعدہ اعلان ہونے سے تمام کو حیرت یہ ہوئی کہ انہیں اس کا اندازہ نہیں تھا کہ یہ دونوں اٹلی میں جا کر شادی کی تقریب کا انعقاد کریں گے ۔ حالانکہ رانی مکھرجی کی یہ پہلی شادی ہے جبکہ آدتیہ چوپڑا کی دوسری ۔ آدتیہ چوپڑا کی پہلی شادی پائل ملہوترا سے ہوئی تھی ۔ پائل یش چوپڑا کے قریبی دوست کی بیٹی ہونے کے ساتھ ہی آدتیہ کی بچپن کی دوست بھی تھیں ۔ شادی کے چھ سال تک دونوں کی کوئی اولاد نہیں ہوئی ۔ اس کے بعد دونوں کے درمیان رشتے میں درار پڑنی شروع ہو گئی ۔ اس بات سے یش چوپڑا کافی ناراض بھی ہو گئے ۔ انہیں دنوں رانی مکھرجی اور آدتیہ چوپڑہ کے درمیان گہری ہوتی دوستی کا چرچا بھی ہونے لگا تھا ۔ بعد میں آدتیہ چوپڑا اور پائل کے درمیان طلاق ہو گیا ۔ اس سے رانی مکھرجی کا راستہ اور بھی آسان ہو گیا ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ دو ہزار تیرہ میں رانی مکھرجی اور آدتیہ کی منگنی ہو گئی جس میں یش چوپڑا بھی شریک ہوئے ۔آدتیہ چوپڑا کے قریب رانی مکھرجی کے آنے سے یش راج بینر نے ایک پل کا کام کیا ہے کیونکہ رانی مکھرجی یش راج بینر کی کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں ۔ رانی نے بطور لیڈ ایکٹریس پہلی بار سوشل ڈرامہ فلم ’راجا کی آئے گی بارات‘میں کام کیا تھا ۔ اس کے بعد انہوں نے کرن جوہر کی فلم ’ کچھ کچھ ہوتا ہے ‘ میں کام کیا ۔ یہ فلم باکس آفس پر کافی ہٹ رہی ۔ رانی نے یش راج بینر کے ساتھ ہم تم ، ویر زارا جیسی فلموں میں بھی کام کیا ۔ حالانکہ رانی مکھرجی بالی وڈ میں کسی تعارف کی محتاج نہیں ۔ وہ بالی وڈ کی عمدہ اداکارائوں میں شمار کی جاتی ہیں ۔ یہ اور بات ہے کہ آج کل ان کا کیریئر ڈھلان کی طرف ہے ۔ ان کی پچھلی فلم تلاش منظرعام پر آئی۔ تو دوسری طرف آدتیہ چوپڑہ بھی بالی وڈ کا جانا پہچانا نام ہے ۔ تین بار نیشنل ایوارڈ اپنے نام کرنے والے ڈائریکٹر پروڈیوسر اور اسکرپٹ رائٹر آدتیہ چوپڑا نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کیا تھا ۔ انہوں نے اپنے والد یش چوپڑا کے ساتھ چاندنی ، لمحے اور ڈر جیسی فلموں میں کام کیا ۔ اپنے وقت کی سب سے کامیاب رہی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے ‘ سے آدتیہ چوپڑا کو بطور ڈائریکٹر پہچان ملی۔ اس فلم کو ڈائریکٹ آدتیہ چوپڑہ نے ہی کیا تھا جبکہ فلمسازی کا ذمہ یش چوپڑانے اٹھایا ۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے والد کی کامیاب رہی فلم ’دل تو پاگل ہے ‘ کے ڈائیلاگ بھی لکھے ۔ اس کے بعد آدتیہ نے امیتابھ بچپن ، شاہ رخ خان کو لے کر بنائی گئی فلم محبتیں کو ڈائریکٹ کیا ۔ انہوں نے دو ہزار چار میں ہم تم ، دھوم اور ویر زارا جیسی فلموں کی فلمسازی بھی کی ۔ ان کے علاوہ بھی آدتیہ چوپڑا نے بنٹی اور ببلی ، فنا ، بچنا اے حسینو ، بینڈ باجا بارات ، عشق زادے، جب تک ہے جان ، خالص دیسی رومانوی اور غنڈے جیسی سپر ہٹ فلموں کو بنایا ۔