لکھنو:کانگریس نے دادری میں ہوئے سانحہ کو انسانیت پر بدنما داغ بتاتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرست طاقتیں سماج کو تقسیم کرنے پر آمادہ ہیں۔ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کی دادری میں سماجی خیر سگالی بنائے رکھنے کی اپیل پر ریاستی کانگریس نے دس اکتوبر کو اپواس کا اعلان کیا۔ ریاستی کمیونکیشن محکمہ کے چیئر مین ستیہ دیو ترپاٹھی نے بتاےا کہ اپواس میں خاص طور سے کانگریس کے جنرل سکریٹری اور ریاستی انچارج مدھو سودن مستری، ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری،سابق مرکزی وزیر جتن پرساد، آر پی این سنگھ، رکن پارلیمنٹ راج ببر سمیت دیگر سینئر رہنما شامل ہوںگے۔ مسٹر ترپاٹھی نے بتاےا کہ خیر سگالی اپواس سے پہلے کانگریس جنرل سکریٹری مدھو سودن مستری اور ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری سات اکتوبر کوالہ آباد میں رہیں گے۔ دونوں رہنما ۸اکتوبر کو کانگریس اقلیتی شعبہ کی جانب سے چودھری گارڈن کلیانی دیوی میں منعقد سیمینار میں شامل ہوںگے۔ مسٹر ترپاٹھی نے وارانسی میں ’انیائے پرتیکار یاترا‘ کے دوران ہوئے واقعہ کو افسوس ناک بتاتے ہوئے کہا کہ واردات سے انتظامیہ کی لاپروائی ظاہر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سنتووں کی یاترا کے بارے میں پہلے سے پوری اطلاع دینے کے بعد بھی سماج دشمن عناصر کے ذریعہ واردات کو انجام دیا جانا انتظامیہ کی لاپروائی ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا۔