’کبھی کبھی لوگ تقریر کو سنتے ہوئے اپنی آنکھیں بند کر لیتے ہیں اور راہل گاندھی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہوگا‘
بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کی ایک تصویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں جن میں راہل پارلیمنٹ میں مہنگائی پر بحث کے دوران ’سوتے ہوئے‘ دکھائی دے رہے ہیں۔
جہاں کانگریس نے راہل کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’راہل سو نہیں رہے تھے‘ وہیں بی جے پی نے اس پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’کانگریس مہنگائی کے مسئلے پر گزشتہ 10 سال سے یہی کر رہی تھی‘۔
کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ معاملے کو سنسنی خیز بنایا جا رہا ہے۔ انھوں نے حیرانی کا اظہار کیا کہ کیا اس طرح کے معاملے واقعی اٹھائے جانے چاہیے۔
’یہ سچ نہیں ہے۔ میں مکمل طور پر ایسے الزامات کی تردید کرتا ہوں۔‘
بی جے پی ترجمان شاہنواز حسین نے کہا ’کانگریس مہنگائی پر کبھی بھی سنجیدہ نہیں رہی ہے اور اسی لیے راہل گاندھی اس پر بحث کے دوران اتنے بور ہوگئے کہ وہ سو گئے۔‘
تاہم سابق مرکزی وزیر اور کانگریس لیڈر راجیو شکل کا کہنا تھا کہ یہ کوئی ایسا مسئلہ نہیں ہے۔
’کبھی کبھی لوگ تقریر کو سنتے ہوئے اپنی آنکھیں بند کر لیتے ہیں۔ راہل گاندھی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا ہوگا۔ اٹل بہاری واجپائی بھی بحث سنتے ہوئے ہمیشہ آنکھیں بند کر لیتے تھے۔‘
مشہور مصنف چیتن بھگت نے ٹویٹ کیا ’وہ سو نہیں رہے تھے وہ بھارت کے لیے ایک وژن دیکھ رہے تھے۔‘
صحافی ہرتوش سنگھ نے ٹویٹ کیا ’راہل سو رہے تھے، اس میں بڑی بات کیا ہے؟ خبر تب ہوتی اگر وہ جاگ رہے ہوتے۔‘