نئی دہلی26 فروری(یو این آئی)کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کو اپریل میں پارٹی کا صدر بنائے جانے کے امکان سے متعلق بڑھتی ہوئی پیش قیاسیوں کے درمیان آل انڈیا کانگریس کی سربراہ محترمہ سونیا گاندھی نے آج کہا ہے میڈیا اس معاملے میں انتظار سے کام لے ۔محترمہ گاندھی کے حوالے سے ایک ٹی وی چینل نے خبر دی ہے کہ محترمہ نے کہا ہے کہ ‘‘جب راہل پارٹی کے صدر بنائے جائیں گے تو سب کو اطلاع مل جائے گی’’۔ادھر کچھ دنوں سے اس حوالے سے پیش قیاسیوں کا بازار گرم ہے ملک کی قدیم ترین سیاسی پارٹی کانگریس کی قیادت رواں سال کے وسط تک یا اس سے بھی پہلے راہل گاندھی کو سونپی جا سکتی ہے ۔واضح رہے کہ کانگریس کا اگلا کل ہند اجلاس آئندہ ماہ کے اواخر میں یا اپریل میں ہو سکتا ہے ۔حالیہ انتخابات میں ناکامیوں کے بعد سردست کانگریس درون جماعت صورتحال کا مفصل جائزہ لے رہی ہے ۔یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مسٹر گاندھی اس حوالے سے غور و خوض کے لئے ان دنوں چھٹی پر ہیں۔ بجٹ اجلاس کے موقع پر ان کی عدم موجودگی پر بعض سیاسی ریمارکس موجب احتجاج بھی ہوئے ۔کانگریس کے نائب صدر نے پچھلے دنوں پارٹی رہنماؤں سے مشاورتی مٹنگیں بھی کی تھیں، انہیں بھی اسی تبدیلی کے حوالے سے دیکھا جارہا ہے ۔
مسٹر گاندھی کے چھٹیوں پر جانے کا اعلان کرتے ہوئے کانگریس رہنماؤں نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ وہ کچھ غور و خوض کیلئے تنہائی میں کچھ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔کانگریس کے جنرل سکریٹری نے کل رات ایک ٹی وی چینل پر کہا تھا کہ‘‘ راہل گاندھی ایک مضباط لیڈر بن کر ابھریں گے (یوں پڑھا جائے اپنے چچا سنجے گاندھی کی طرح)’’۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پارٹی اراکین ان کی ترقی سے اختلاف نہیں رکھتے ۔انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ہر پارٹی میں مختلف الخیال لوگ ہوتے ہیں لیکن وہ نہیں سمجھتے ہیں کہ مسٹر گاندھی کو پارٹی قائد بنانے کی کوئی مزاحمت ہو گی۔سابق مرکزی وزیر کمل ناتھ نے تو کل ہی ایک دوسرے انٹرویو میں یہاں تک کہہ دیا کہ مسٹر گاندھی اور محترمہ گاندھی کے بیچ کانگریسکو کنفیوزن کا سامنا ہے جب وہ کسی کام سے محترمہ سونیا گاندھی کے پاس جاتے ہیں تو وہ راہل گاندھی سے رجوع کرنے کو کہتی ہیں اور راہل گاندھی سے ملنے پر وہ کہتے ہیں کہ محترمہ گاندھی اس معاملے کو دیکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ ‘‘ ہم چاہتے ہیں راہل گاندھی کو مکمل چارج دینے کے حق میں ہیں۔ وہ اپنی ٹیم بنائیں۔’’ان کا کہنا تھا کہ ذمہ داری دیئے بغیر کسی کے بارے میں کوئی رائے قائم نہیں کی جا سکتی۔ کانگریس کی موجودہ صدر محترمہ سونیا گاندھی کو پاڑتی کی صدارت کا عہدہ سنبھالے پندرہ سال ہو چکے ہیں۔ اس دوران کانگریس مرکز میں دس برسوں تک بر سر اقتدار رہی ۔
۔