نئی دہلی، 22 مئی (یو این آئی) وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے حکومت کے پہلے سال کی میعاد کے دوران 18 ممالک کے دورہ کے سوال پر ناقدین کا نشانہ بننے والے وزیر اعظم نریندر مودی کا دفاع آج کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی پر حملہ کرکے کیا۔ مسٹر جیٹلی نے مودی حکومت کے ایک سال کی کامیابیوں پر یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں مسٹر مودی کے بیرون ممالک کے دورے پر ایک سوال
کے جواب میں مسٹر گاندھی کا نام لئے بغیر ان پر چٹکی لیتے ہوئے کہا ‘‘چھٹی لے کر 55 دن کے لئے بیرون ملک جانے اور ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے بیرون ملک دورہ کرنے میں بڑا فرق ہے ’’۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے گزشتہ ایک سال میں 18 ممالک کا دورہ کیا ہے ۔ ان ممالک کے ساتھ انہوں نے کئی معاہدے کئے اور ان ممالک پرہندوستان کی چھاپ چھوڑي ہے ۔واضح ر ہے کہ پارلیمنٹ کا بجٹ شروع ہونے سے عین قبل کانگریس کے نائب صدر ‘‘چھٹی’’ پر کسی نامعلوم مقام پر چلے گئے تھے ۔ کانگریس نے اس پر کہا تھا کہ وہ خود احتسابی کرنے گئے ہیں۔ مسٹر گاندھی 55 دن بعد واپس لوٹے تھے اور بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے میں شامل ہوئے تھے ۔ اس دوران انہوں نے کسانوں اور مزدوروں کے معاملے پر حکومت پر جم کر حملہ کیا تھا۔