لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ لکھنؤ بار ایسوسی ایشن کی قیادت میں وکلاء نے کانگریس پارٹی کے نائب صدر کی لکھنؤ آمد پر ان کا خیر مقدم کیا اس موقع پر وکلاء نے اجلاس میں راہل گاندھی کو مدعو کرنے کیلئے خط سپرد کیا۔ خبر کے مطابق کانگریس پارٹی کے نائب صدر و رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی لکھنؤ آمد کے موقع پر لکھنؤ بار ایسوسی ایشن کے صدر سروج
کمار شکلا کی قیادت میں سیکڑوں وکلاء فیض آباد روڈ واقع امر شہید پتھ پر پہنچے۔ وکلاء نے راہل گاندھی کے قافلہ کو روک لیا اور ان کا استقبال کیا۔ اس دوران وکلاء نے راہل گاندھی کو وکلاء اجلاس میں مدعو کرنے کیلئے دعوت نامہ سپرد کیا۔
راہل گاندھی نے دعوت نامہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پر غور کرنے کی یقین دہانی دلائی۔ اس موقع پر لکھنؤ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری، سینئر نائب صدر، نائب صدر کے علاوہ ابھیشیک کمار شکلا، رندھیر سنگھ ،راکیش مشرا، دھرمیندر کمار مشرا ، لطیف احمد اور دنیش گری سمیت کثیر تعداد میں وکلاء موجود تھے۔