لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔سروجنی نگر علاقہ میں آج علی الصبح ایک ربر فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی۔ آگ کی اطلاع پر جب تک فائر بریگیڈ کی گاڑی پہنچ پاتی تب تک لاکھوں کا مال جل کر خاک ہوچکا تھا۔ سروجنی نگر کے نادر گنج میں اودھ فیکٹری میں جمعرات کی علی الصبح اچانک آگ لگ گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ فیکٹری میں پھیلنے لگی۔ فیکٹری میں موجود ملازمین نے آگ کی اطلاع پولیس اور فائر بریگیڈ کو دی ۔ اطلاع پاکر موقع پر تین فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ اہلکاروں نے کڑی مشقت کے بعد کسی طرح آگ پر قابو پایا۔ آگ سے فیکٹری میں رکھا لاکھوں کا سامان جل کر خاک ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں آگ شارٹ سرکٹ کے سبب لگی ہے۔