لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ نیشنل انٹر کالج میں گیارہویں کے طلباء کا رجسٹریشن آخری تاریخ تک نہ ہونے کے بعد بدھ کو طلباء نے کالج احاطہ میں جمع ہوکر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور پرنسپل کے خلاف سال برباد کرنے کا الزام عائد کیا۔ آن لائن رجسٹریشن نظام نافذ ہونے کے بعد اس برس نیشنل انٹر کالج میں گیارہویں درجہ میں پڑھنے والے تقریباً ۳۵۰ طلباء میں سے ۲۱۴ طلباء کا رجسٹریشن آخری تاریخ گزر جانے کے
بعد بھی نہیں کیا گیا۔ طلباء نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ زیادہ تر طلباء مالی طورپر کمزور ہیں اور دوبارہ فیس جمع کرنے میں مجبور ہیں۔ پرنسپل نے فارم آگے نہیں بھیجا۔ وہیں کالج انتظامیہ اس معاملہ پر کچھ بھی بولنے سے کترا رہا ہے۔ کالج کے کچھ ملازمین نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ سرور ڈاؤن ہونے کے سبب یہ مسئلہ پیدا ہوا ہے۔ کبھی سرور ڈاؤن رہا تو کبھی بجلی نہیں رہی جس کے سبب طلباء کے رجسٹریشن میں رخنہ پڑا۔ نئے نظام کو نافذ ہونے میں کچھ عرصہ لگے گا۔